افغانستان نے قطر کی ثالثی کے تحت زیر حراست امریکی شہری امیر امیری کو رہا کر دیا

پیر 29 ستمبر 2025 15:06

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)افغانستان میں طالبان حکام نے قطر کی ثالثی کے تحت زیرِ حراست امریکی شہری امیر امیری کو رہا کر دیا ہے۔امیر امیری دسمبر 2024 سے افغانستان میں زیرِ حراست تھے جو گزشتہ روز، اتوار کو امریکا واپس روانہ ہو گئے۔ امریکی شہری کی رہائی امریکا کے خصوصی ایلچی ایڈم بوہلر کے دورہ افغانستان کے دوران ہوئی۔

(جاری ہے)

طالبان حکومت نے اگست 2021 میں امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کے بعد اقتدار میں آنے کے بعد یہ پانچواں امریکی شہری رہا کیا ہے۔امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے امیری کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی حکومت اپنے شہریوں کو بیرونِ ملک ناجائز حراست سے نکالنے کیلیے پرعزم ہے۔امیر امیری کی گرفتاری کے پسِ منظر یا مقام کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔