کشمیر کے باشعور عوام نے احتجاجی کال کو مسترد کر دیا، معمولات زندگی معمول کے مطابق جاری

پیر 29 ستمبر 2025 23:49

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 ستمبر2025ء) آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی احتجاجی و ہڑتال کی کال کو عوام نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بیشتر شہروں میں بازار، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہے جبکہ معمولات زندگی بلا تعطل جاری رہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کی ناکامی کے بعد کچھ مفاد پرست عناصر نے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پا لیا۔

مختلف علاقوں میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور انداز میں سرگرم عمل ہیں۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کسی کو بھی اپنے ذاتی یا سیاسی مفادات کی خاطر عوامی زندگی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ عوامی املاک کو نقصان پہنچانے، توڑ پھوڑ یا بدامنی پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یہ پیشرفت اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام مفاد پرست سیاست سے بیزار اور پرامن ترقی و استحکام کے خواہاں ہیں۔ عوامی سطح پر احتجاجی کال کی ناکامی کو باشعور شہریوں کی فتح اور افواہوں کی سیاست کی شکست قرار دیا جا رہا ہے۔