سرکاری قرضے میں 9 سال کے دوران 300 فیصد سے زائد کا اضافے کا انکشاف

پیر 29 ستمبر 2025 22:01

سرکاری قرضے میں 9 سال کے دوران 300 فیصد سے زائد کا اضافے کا انکشاف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء) گزشتہ 9 سال میں سرکاری قرضے میں 300 فیصد سے زائد یعنی 60 ہزار 800 ارب روپے کے تاریخی اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ کی رپورٹ میں قرضوں میں اضافے کی تفصیلات سامنے آگئیں جس میں گزشتہ 9 سال کے دوران 300 فیصد اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق صرف گذشتہ 3 سال کے دوران سرکاری قرضہ 31 ہزار 200 ارب روپے بڑھ گیا۔

جون 2018 سے جون 2022 تک سرکاری قرضے میں 24 ہزار 900 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ جون 2025 تک مجموعی سرکاری قرضے کا حجم 80 ہزار 500 ارب روپے رہا۔رپورٹ کے مطابق اس میں مقامی سرکاری قرضہ 54 ہزار 500 ارب اور غیرملکی قرضہ 26 ہزار ارب روپے تھا۔وزارت خزانہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جون 2016 تک مجموعی سرکاری قرضہ 19 ہزار 700 ارب روپے تھا، اس میں مقامی 13 ہزار 600 ارب اور غیر ملکی سرکاری قرضہ 6 ہزار 100 ارب روپے تھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق جون 2017 تک مجموعی سرکاری قرضہ 21 ہزار 400 ارب روپے تھا، جون 2018 تک سرکاری قرضہ بڑھ کر 24 ہزار 900 ارب روپے ہوگیا تھا، جون 2019 تک مجموعی سرکاری قرضے کا حجم 32 ہزار 700 ارب روپے تھا۔اسی طرح، جون 2020 تک سرکاری قرضہ 36 ہزار 400 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا، جون 2021 تک سرکاری قرضہ بڑھ کر 39 ہزار 900 ارب روپے ہوا تھا اور جون 2022 تک 49 ہزار 200 ارب روپے تھا۔وزارت خزانہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جون 2023 تک سرکاری قرضے کا حجم 62 ہزار 900 ارب روپے تھا، جون 2024 تک سرکاری قرضہ بڑھ کر 71 ہزار 200 ارب روپے ہوگیا تھا۔

متعلقہ عنوان :