Live Updates

سینیٹر محمداورنگزیب کی جرمنی سفیر اور یونیسیف کی نمائندہ سے ملاقات، دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کا عزم

پیر 29 ستمبر 2025 20:04

سینیٹر محمداورنگزیب کی جرمنی سفیر اور یونیسیف کی نمائندہ سے ملاقات، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت کاروباراورسرمایہ کاری کیلئے دوستانہ ماحول کے قیام کیلئے پرعزم ہے، وزیر اعظم ملک کی ترقی میں نجی کے شعبہ قائدانہ کردار ادا کرنے پر یقین رکھتے ہیں،غیر ملکی سرمایہ کاروں، خصوصاً جرمن کمپنیوں کو پاکستان میں اپنے کاروبار کے پھیلائو کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات پیرکویہاں پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینا لیپل سے ملاقات میں کہی۔وزیر خزانہ نے جرمنی کی سفیر کا خیرمقدم کیا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے جرمنی کی قیمتی تکنیکی اور مالی معاونت پر شکریہ ادا کیا اور پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں جرمن کمپنیوں کی سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

وزیرخزانہ نے جرمن سفیر کو پاکستان کی معیشت کی مجموعی صورتحال اور اہم معاشی اشاریوں میں حالیہ بہتری سے آگاہ کیا۔ انہوں نے آئی ایم ایف کے جاری جائزہ مشن اور پروگرام کے تحت مقداری اور ساختی اہداف کی تکمیل پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث درپیش چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی اور واضح کیا کہ حکومت کاروباری اورسرمایہ کاری کیلئے دوستانہ ماحول کے قیام میں پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ملک کی ترقی میں نجی شعبہ قائدانہ کردار ادا کرے۔ وزیر خزانہ نے غیر ملکی سرمایہ کاروں خصوصاً جرمن کمپنیوں کو پاکستان میں اپنے کاروبار کے پھیلائو کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے بشمول منافع اور ڈیویڈنڈ کی منتقلی میں سہولت اور متعلقہ مسائل کے حل کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

جرمنی کی سفیرنے 2013ء تا 2015ء کے دوران پاکستان میں اپنی سابقہ سفارتی ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے خوشگوار یادیں تازہ کیں۔ انہوں نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کی شمولیت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے حکومت کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔

فریقین نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔دریں اثناء وزیرخزانہ سے یو نیسیف کی نمائندہ برائے پاکستان پرنائل آئرن سائیڈ نے ملاقات کی۔وزیر خزانہ نے پاکستان میں یونیسیف کی تکنیکی معاونت اور علم کی منتقلی کو سراہا۔

انہوں نے ملک کو درپیش موسمیاتی تبدیلی اور آبادی میں تیزی سے اضافہ جیسے بڑے چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں عوامل کا بچوں کی نشوونما میں رکاوٹ اور تعلیمی کمی پر براہ راست اثر پڑتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عالمی بینک کے ساتھ حال ہی میں طے پانے والے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت آئندہ دس برسوں میں سالانہ تقریباً دو ارب ڈالر کی متوقع معاونت میں سے دو تہائی حصہ آبادی سے متعلق مسائل پر خرچ کیا جائے گا۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ دستیاب وسائل کا بہترین استعمال ناگزیر ہے تاکہ ان سنگین مسائل سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یونیسیف سمیت دیگر ترقیاتی شراکت دار پاکستان کی کاوشوں خاص طور پر وزارت موسمیاتی تبدیلی، وزارت آبادی بہبود اور وزارت صحت عامہ کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترجیحی شعبوں اور منصوبوں کی نشاندہی، تکنیکی معاونت اور استعداد کار میں اضافے کے لیے موثر ہم آہنگی ضروری ہے جبکہ ان منصوبوں کے عملی نفاذ کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی تعاون بھی ناگزیر ہے۔

یونیسیف کی نمائندہ نے پاکستان کے ساتھ تعاون کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ یونیسیف متعلقہ وزارتوں اورشراکت داروں کے ساتھ قریبی اشتراک عمل جاری رکھے ہوئے ہے جس میں خاص توجہ بچوں کی نگہداشت اور بچیوں کی تعلیم پر دی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یونیسیف حکومتی ترجیحات کے مطابق حکمت عملی پر مبنی شراکت داریوں کے ذریعے تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے اور تعلیم، صحت اور موسمیاتی لچک جیسے شعبوں میں کثیرجہتی نقطہ نظر اپنا رہا ہے۔ فریقین نے بچوں اور معاشروں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے لیے تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات