وفاقی حکومت کا پاکستان نرسنگ کونسل کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کا فیصلہ

پیر 29 ستمبر 2025 20:04

وفاقی حکومت کا پاکستان نرسنگ کونسل کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کا فیصلہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان نرسنگ کونسل کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نرسنگ کونسل سے متعلق اہم اجلاس میں کیا۔انہوں نے کہا کہ کونسل کے تمام امور کو جلد از جلد کمپیوٹرائزڈ کیا جائے، انسانی مداخلت کم سے کم کر کے میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نرسنگ کے شعبے میں کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاکستان نرسنگ کونسل کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نرسنگ کونسل کو ایک جدید، موثر اور بین الاقوامی معیار کا ادارہ بنائیں گے اور نرسنگ کا شعبہ صحت کے شعبے میں بڑی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 9 لاکھ نرسز کی کمی کا سامنا ہے ، دنیا بھر میں اس وقت تقریباً 25 لاکھ کوالیفائیڈ نرسز کی کمی ہے۔

نرسنگ کے شعبے کو مضبوط بنانے کیلئے مربوط اور موثر اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نرسنگ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کریں گے ، نرسنگ کے شعبے کی بہتری کیلئے اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت ایڈیشنل سیکرٹری بھی موجود تھے۔