Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کو یاد رکھنا چاہیے لیڈر دھمکیاں نہیں دیتے بلکہ کارکردگی دکھاتے ہیں

نازی راج میں سانپ سونگھنے والوں کو صدقہ میں حکومت ملی تو رعونت میں آگئے، ملکی سیاست ابھی تحریکِ انتشار سے نہیں سنبھلی اب خون لیگ زہر اُگلنے لگی، شازیہ مری اور عامر حسن کا مریم نواز کو جواب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 29 ستمبر 2025 19:32

وزیراعلیٰ پنجاب کو یاد رکھنا چاہیے لیڈر دھمکیاں نہیں دیتے بلکہ کارکردگی ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 29 ستمبر 2025ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماؤں شازیہ مری اور عامر حسن نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو یاد رکھنا چاہیے لیڈر دھمکیاں نہیں دیتے بلکہ کارکردگی دکھاتے ہیں، نازی راج میں سانپ سونگھنے والوں کو صدقہ میں حکومت ملی تو رعونت میں آگئے، ملکی سیاست ابھی تحریکِ انتشار سے نہیں سنبھلی اب خون لیگ  زہر اُگلنے لگی۔

پیپلز پارٹی کی مرکزی اطلاعات سیکرٹری شازیہ مری نے وزیرِاعلیٰ پنجاب کی تنقید پر اپنے ردعمل میں کہا کہ لیڈر دھمکیاں نہیں دیتے، وہ خدمت اور کارکردگی دکھاتے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تنقید کے باوجود صبر کا راستہ اختیار کیا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو کی توجہ ہمیشہ عوام پر رہی ہے اور رہے گی، باتوں سے نہیں، عملی کام سے قیادت نظر آتی ہے۔

(جاری ہے)

شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری ریلیف بی آئی ایس پی کے ذریعے دیا جائے، 2022 کے سیلاب متاثرین کو بی آئی ایس پی کے ذریعے فی خاندان 25 ہزار روپے دیے گئے تھے، 2025 ہی میں وزیر اعظم شہباز شریف نے رمضان پیکیج کے لیے بھی بی آئی ایس پی کا ڈیٹا استعمال کیا، ہم کسانوں اور سندھ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد پر توجہ جاری رکھیں گے، وزیرِاعلیٰ پنجاب کو یاد رکھنا چاہیے کہ لیڈر خدمت کرتے ہیں، دھمکیاں نہیں دیتے، قدرتی آفت کے وقت انا اور غرور کی نہیں بلکہ صرف عوام کی مدد کی اہمیت ہے، ہم عوام کے لیے کام کرتے ہیں اور ان کا ریلیف ہماری ترجیح ہے۔

مزید برآں پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر میاں عامر حسن نے وزیرِاعلیٰ پنجاب کی دھمکیوں پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی کی تقریر سنی خیال آیا یہ کون بول رہا تھا خدا کے لہجے میں، نازی راج میں جنھیں سانپ سونگھ گیا تھا وہ صدقہ میں ملی حکومت پر پھر رعونت میں آگئے، فیض حمید کے دور میں آپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی خاموشی اور آپ کی گنگ زبانیں آپ کی دلیری کا منہ بولتا ثبوت ہیں، ملکی سیاست ابھی تحریکِ انتشار سے نہیں سنبھلی اب خون لیگ  زہر اُگلنے لگی، پیپلزپارٹی نے حمزہ شہباز کو وزیرِ اعلی کیوں بنایا تھا یہ ہے مریم صاحبہ کا اصل دکھ، شہباز شریف کا وزیراعظم بننا اور ابا جی کا سیاست سے فارغ ہونا تکلیف دے رہا ہے، پنجاب کسی کے باپ کی جاگیر نہیں پیپلز پارٹی کا خمیر اسی مٹی سے ہے، جاگ پنجابی جاگ کو دوبارہ استعمال کرنے کی کوشش نہ کریں۔

وزیر اعظم صاحب فساد والی زبانوں کو لگام دیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تنقید کے باوجود صبر کا راستہ اختیار کیا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو کی توجہ ہمیشہ عوام پر رہی ہے اور رہے گی، مریم صاحبہ کنیزوں کے حصار سے نکلیں پنجاب کو راجکماری نہیں خدمت گزاری چاہئیے، بڑھکوں سے نہیں، عملی کام سے قیادت نظر آتی ہے، قدرتی آفت کے وقت انا اور غرور کی نہیں بلکہ صرف عوام کی مدد کی اہمیت ہے، ہم عوام کے لیے کام کرتے ہیں اور ان کا ریلیف ہماری ترجیح ہے۔ 
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات