ریکوڈک پراجیکٹ معدنیات کے شعبہ کا مشعل بردار ہے ،حکومت سرمایہ کاروں کو مستحکم اور سازگار ماحول فراہم کرے گی، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی فن لینڈ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

پیر 29 ستمبر 2025 20:50

ریکوڈک پراجیکٹ  معدنیات کے شعبہ  کا مشعل بردار  ہے ،حکومت سرمایہ کاروں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان فیصلہ کن طور پر معدنیات کے شعبہ میں جدید ترین، مشینی اور ذمہ دارانہ کان کنی کی طرف منتقل ہو رہا ہے، حکومت نے معدنی فریم ورک کے ذریعہ ریگولیٹری سیٹ اپ کو ہم آہنگ اور اپ ڈیٹ کیا ہے تاکہ پاکستان کی کان کنی عالمی سطح پر مسابقتی بن سکے۔

ترجمان پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ بات فن لینڈ کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی جس کی قیادت پاکستان میں فن لینڈ کے سفیر ہنو ریپاٹی نے کی۔ وفد میں معدنیات کی پر اسیسنگ کی صنعت میں آلات اور خدمات فراہم کرنے والے عالمی رہنما ادارے میٹسوکی صدر پیا کرہو اور فن لینڈ میں پاکستان کے اعزازی قونصل جنرل ولی ایرولا شامل تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں معدنیات کے شعبے میں پاکستان کے تبدیلی کے ایجنڈے، سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے مواقع اور بین الاقوامی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر نے ریکوڈک پراجیکٹ کو پاکستان کے معدنیات کے شعبہ کا ’مشعل بردار‘ قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ایک مستحکم اور سازگار ماحول فراہم کرے گی۔ پیا کرہو نے حکومت پاکستان کے واضح اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات وزیراعظم شہباز شریف کے معدنیات کے شعبہ کی ترقی کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے تصدیق کی کہ میٹسو ریکوڈک پراجیکٹ کے لیے آلات اور خدمات کا ایک اہم فراہم کنندہ ہے اور مستقبل میں پاکستان میں مزید منصوبوں کو وسعت دینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ کمپنی پاکستان میں مقامی ہنر اور انسانی وسائل کی تربیت میں سرمایہ کاری کرے گی تاکہ پائیدار ترقی اور مہارت میں اضافہ کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

وفاقی وزیر نے میٹسو کی سرمایہ کاری اور مقامی صلاحیت سازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقامی انسانی وسائل کی تربیت پاکستان میں خوشحالی کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر درکار ہنر مند افرادی قوت بھی فراہم کرے گی۔دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور فن لینڈ کی کمپنیوں کے درمیان تعاون کو مزید گہرا کیا جائے تاکہ پاکستان کے معدنی وسائل کی وسیع صلاحیت کو ذمہ داری اور موثر طریقہ سے بروئے کار لایا جا سکے۔وفاقی وزیر نے ریکوڈک پراجیکٹ کو پاکستان کے معدنیات کے شعبہ کا ’مشعل بردار‘ قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ایک مستحکم اور سازگار ماحول فراہم کرے گی۔