بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں "ہول لائف مینجمنٹ" پر ورکشاپس کا انعقاد

پیر 29 ستمبر 2025 21:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے سٹوڈنٹ ڈویلپمنٹ اینڈ پلیسمنٹ سیل کے زیر اہتمام "ہول لائف مینجمنٹ، پرسنل ڈویلپمنٹ اور لیڈرشپ" کے عنوان سے دو ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا جس میں تقریباً 300 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد طلبہ کو ان کی روحانی، پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی کے اہداف میں ہم آہنگی پیدا کرنے میں مدد دینا تھا تاکہ وہ با مقصد زندگی گزار سکیں اور مستقبل میں قائدانہ کردار ادا کر سکیں۔

ورکشاپ کا افتتاح ڈاکٹر محمد عارف نے کیا جنہوں نے سٹوڈنٹ ڈویلپمنٹ اینڈ پلیسمنٹ سیل کے مقاصد اور اس دو سالہ منصوبے کی تفصیلات بیان کیں جسے یونیورسٹی کے صدر کی منظوری حاصل ہے۔ سیشنز کی قیادت معروف ماہر تعلیم اور ٹرینر ڈاکٹر محمد ندیم ڈوگر نے کی جنہوں نے طلبہ کو عملی سرگرمیوں کے ذریعے خود آگاہی، فیصلہ سازی اور مقصد سے بھرپور کیریئر بنانے کے بارے میں رہنمائی فراہم کی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر نزہت زریں نے بھی ورکشاپس سے خطاب کیا اور طلبہ کو اپنی ذاتی و تعلیمی ترقی میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے طلبہ سے "ڈونیٹ فار ایجوکیشن" مہم کے تحت اپنی ریفنڈ ایبل سکیورٹی فیس سٹوڈنٹ ڈویلپمنٹ اینڈ پلیسمنٹ سیل اکائونٹ میں عطیہ کرنے کی اپیل بھی کی۔ ورکشاپ کے اختتام پر ڈاکٹر ندیم ڈوگر کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ ڈاکٹر ندیم نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نوجوانوں کو نہ صرف مہارت دیتی ہیں بلکہ ان کے اندر وہ قیادت کی خصوصیات بھی پیدا کرتی ہیں جو انہیں جدید چیلنجز کا باوقار انداز میں سامنا کرنے کے قابل بناتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :