}تھیم پارک میں نکاسی آب آپریشن کی نگرانی، ڈی سی لاہور کا دورہ

ًتھیم پارک میں نکاسی آب کا عمل تیز، شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام ادارے متحرک وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ریلیف آپریشن جاری، شہریوں کو معمولات زندگی پر واپس لانا اولین ترجیح

پیر 29 ستمبر 2025 20:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 ستمبر2025ء) تھیم پارک میں نکاسی آب کا آپریشن ضلعی انتظامیہ اور واسا کی ٹیموں کی مسلسل 24 گھنٹے کی کوششوں سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے خود تھیم پارک کا دورہ کیا اور آپریشن کا جائزہ لیا، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ نے انہیں مکمل بریفنگ دی۔ تھیم پارک کے بیشتر بلاکس سے بارش کے پانی کی نکاسی کا عمل کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے اور باقی رہ جانے والے دو بلاکس سے بھی نکاسی آب تیز رفتاری سے جاری ہے۔

متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور گھروں کو واپسی کے لیے انتظامیہ کی جانب سے لاجسٹک سپورٹ بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ نشیبی بلاکس سے پانی نکالنے کے لیے واسا کی ہیوی مشینری مصروف عمل ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت دی کہ نکاسی آب کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے، شہریوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، اور فیلڈ میں کام کرنے والے تمام عملے کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ریلیف آپریشنز کی خود نگرانی کر رہا ہوں، شہریوں کو معمولات زندگی پر واپس لانا ہماری اولین ترجیح ہے، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، مشترکہ کاوشوں سے جلد صورتحال پر مکمل قابو پایا جائے گا، اور انتظامیہ و تمام ادارے شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں