ڈپٹی کمشنر مری کا ساملی سنٹوریم ہسپتال کا دورہ، صفائی ستھرائی اور طبی سہولیات کا جائزہ

پیر 29 ستمبر 2025 21:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے اپنے عملے کے ہمراہ جی ٹی روڈ سے ساملی سینیٹوریم ہسپتال تک طویل اور تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مری کامران صغیر کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے دورہ کے دوران جی ٹی روڈ پر جاری ترقیاتی منصوبوں، سڑک کی موجودہ حالت، وال چاکنگ اور تجاوزات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کام مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں اور انہیں بہتر سفری سہولیات میسر آئیں۔بعد ازاں انہوں نے ساملی سنٹوریم ہسپتال کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی اور عملے کی حاضری سمیت دیگر انتظامی امور سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر مری نے واضح کیا کہ مری کو ایک صاف، منظم اور ترقی یافتہ علاقہ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کو ہمیشہ اولین ترجیح دی جائے گی اور ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :