پولیو کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوشش کی ضرورت ہے، ڈپٹی کمشنر جعفرآباد

پیر 29 ستمبر 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے 13 سے 16 اکتوبر تک شروع ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں یونین کونسل میڈیکل آفیسرز (یو سی ایم اوز) اور ایریا انچارج کی دو روزہ ٹریننگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر این اسٹاف ڈاکٹر عبدالغفار سولنگی نے ڈپٹی کمشنر کو ٹریننگ کے مختلف مراحل اور جاری سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جعفرآباد ڈاکٹر شوکت علی کھوسہ بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر خالد خان نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کے آغاز کے ساتھ پولیو وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات بڑھ جاتے ہیں، اس لیے مہم کی کامیابی کو ایک قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ایریا انچارج اور یو سی ایم اوز مؤثر حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھائیں تاکہ مقررہ دنوں میں ہر بچے تک پولیو ویکسین پہنچ سکے اور مہم کے نتائج میں کسی قسم کے خدشات باقی نہ رہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ فیلڈ میں ٹیموں کی مانیٹرنگ کو مزید سخت کیا جائے اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم کو بھی مربوط انداز میں چلایا جائے تاکہ والدین اپنی ذمہ داری کو سمجھیں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے میں بھرپور تعاون کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں اور اس مشترکہ کوشش کو کامیاب بنانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

متعلقہ عنوان :