جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام آزادکشمیر بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی کال جزوی طور پر ناکام رہی

منگل 30 ستمبر 2025 00:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام آزادکشمیر بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی کال جزوی طور پر ناکام رہی ۔آزادکشمیر کے تینوں ڈویژنز میں بازار جزوی طور پر کھلے رہے اور مجموعی طور پر امن و مان کی صورتحال معمول کے مطابق رہی ۔میرپور ڈویژن میں بھی حالات نارمل رہے جبکہ پونچھ اور مظفرآباد ڈویژن میں بھی شہریوں نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کال کو مسترد کر دیا۔

(جاری ہے)

محکمہ اطلاعات آزادکشمیر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق مظفرآباد میں امن مارچ کے دوران مسلم کانفرنس کے کارکن محمد سدھیر عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے فائرنگ کی وجہ سے شہید ہوا جبکہ اسکے ساتھ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار اور عام شہری بھی زخمی ہوے جبکہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوے صورتحال کو سنبھال لیا ۔پونچھ ڈویژن میں ہجیرہ بٹل سیکٹر میں محمد صدیق شہری جو کہ ناساز طبیعت کے باعث قریبی ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا ،عوامی ایکشن کمیٹی کی طرف سے کھڑی رکاوٹوں کی وجہ سے موقع پر دم توڑ گیا ۔مجموعی طور پر آزادکشمیر بھر کے شہریوں نے جموں و کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کی پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن کال کو جزوی طور پر مسترد کر دیا۔