کوئٹہ میں ایف سی وردی میں دہشتگردوں کا خودکش دھماکہ، 6 افراد جاں بحق، کئی زخمی

دھماکے سے اطراف کی کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 ستمبر 2025 12:45

کوئٹہ میں ایف سی وردی میں دہشتگردوں کا خودکش دھماکہ، 6 افراد جاں بحق، ..
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 ستمبر2025ء ) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایف سی وردی میں ملبوس دہشتگردوں کے خودکش دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں فرنٹیئر کور یعنی ایف سی ہیڈ کوارٹرز کے قریب ایک زور دار دھماکہ ہوا، ریسکیو حکام نے بتایا کہ دھماکے میں زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے اور زخمیوں کی تعداد 10 ہے، سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور ڈاکٹروں کو فوری طور پر ڈیوٹی پر بلالیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنائی دی گئی اور جائے وقوعہ پر دھوئیں کے بادل چھا گئے، دھماکے کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، دھماکے سے اطراف کی کئی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، ایک موٹر سائیکل، رکشہ اور قریبی کھڑی گاڑیاں بری طرح متاثر ہوئیں، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی، بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا تاکہ دھماکے کی نوعیت اور اس میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کا تعین کیا جا سکے۔