چیئرپرسن وزیر اعلیٰ بابر علاؤالدین کا ہیڈ سلیمانکی میں محکمہ آبپاشی کا اعلیٰ سطحی اجلاس

منگل 30 ستمبر 2025 15:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء)چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے ہیڈ سلیمانکی میں محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر ایکس ای این آبپاشی حافظ ریاض نے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں یہ فیصلے کیے گئے کہ ہیڈ ورکس کی مشینری، گیٹس اور گیئرنگ سسٹم کا باقاعدہ معائنہ اور مرمت کی جائے، تمام حفاظتی بندوں کا تفصیلی سروے کرکے انہیں مزید مضبوط بنایا جائے، ہیڈ ورکس کے اجزاء کی جانچ پڑتال کو یقینی بنایا جائے جبکہ ملیکی اسپر اور آف ٹیکنگ چینلز کی بحالی بھی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے۔

بریگیڈیئربابرعلائوالدین نے کہاکہ محکمہ آبپاشی نے اپنی بروقت حکمت عملی اور مؤثر اقدامات کے ذریعے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

83 کلومیٹر طویل حفاظتی بند اور دریائی تربیتی نیٹ ورک جو مسلسل 40 روز تک پانی میں ڈوبا رہا، محکمے کی انتھک محنت سے محفوظ اور تسلی بخش حالت میں برقرار رہا۔ہیڈ سلیمانکی کے اپ اسٹریم پر بیلا کی تشکیل، جس نے پانی کے بہاؤ کو محدود کرکے گائیڈ بندز پر شدید دباؤ ڈالا، ہیڈ ورکس کی مؤثر ریگولیشن کے ذریعے کامیابی سے ختم کی گئی۔

ایکس ای این آبپاشی حافظ ریاض نے کہاکہ ملیکی اسپر کے ناکے کو پہنچنے والے نقصان پر صرف دو گھنٹوں میں قابو پا لیا گیا، جس سے عوام اور سرکاری املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان سے بچا لیا گیا۔اس موقع پر بریگیڈئیر بابرعلائوالدین کا کہنا تھا کہ محکمہ آبپاشی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بروقت فیصلوں اور عملی اقدامات کے ذریعے عوامی تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔