آزاد کشمیر میں احتجاجی کال مسترد، معمولات زندگی مکمل بحال

منگل 30 ستمبر 2025 23:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2025ء) آزاد کشمیر کے عوام نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی کال کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ وہ مفاد پرست عناصر کے ایجنڈے کا حصہ نہیں بنیں گے۔ ذرائع کے مطابق ریاست کے مختلف شہروں میں تمام بازار، دکانیں اور کاروباری مراکز کھلے رہے، جبکہ معمولات زندگی معمول کے مطابق جاری رہے۔

ذرائع کے مطابق راولاکوٹ، چناری، شاردہ، نیلم، مظفرآباد اور دیگر اضلاع میں کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے روزمرہ کے معمولات میں شرکت کی اور کسی قسم کے احتجاج یا ہڑتال کی فضا دیکھنے میں نہیں آئی۔سیکیورٹی اداروں نے بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال پر پوری طرح نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی کو بھی عوامی املاک کو نقصان پہنچانے یا روزمرہ زندگی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

حکام کے مطابق کچھ عناصر ریاستی نظام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن باشعور عوام نے ان کے عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت اور انتظامیہ صورت حال کو مکمل کنٹرول میں رکھے ہوئے ہے اور خطے میں مکمل امن و استحکام برقرار ہے۔