ّقطر پر اسرائیلی جارحیت کے بعد خلیجی ممالک کی سلامتی داؤ پر لگ گئی، شہزادہ ترکی الفیصل

منگل 30 ستمبر 2025 18:45

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2025ء) سعودی عرب کے سابق انٹیلی جنس چیف اور سفیر، شہزادہ ترکی الفیصل نے خبردار کیا ہے کہ قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد خلیجی ریاستوں کی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ریاض میں ''ڈین آف ایمبیسڈرز گالا ڈنر'' سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ ترکی الفیصل نے کہا کہ اسرائیل ایک ''مسترد شدہ ریاست'' ہے اور دوحہ میں حماس رہنماؤں پر حملہ کھلی جارحیت اور غداری کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ قطر پر حملے کے بعد خلیجی ممالک کو اپنی سلامتی کی پالیسیوں پر نظرِ ثانی کرنی چاہیے کیونکہ اسرائیلی اقدامات خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ بن چکے ہیں۔شہزادہ ترکی الفیصل کا مزید کہنا تھا کہ اگر فلسطینی علاقوں پر قبضہ نہ ہو تو مزاحمت بھی وجود میں نہیں آتی۔یاد رہے کہ 9 ستمبر کو اسرائیل نے قطری دارالحکومت دوحہ میں حماس رہنماؤں کو نشانہ بنایا تھا۔ اس حملے میں حماس کی مرکزی قیادت محفوظ رہی، تاہم اس واقعے پر عالمی سطح پر سخت ردعمل سامنے آیا۔ بعد ازاں اسرائیلی وزیراعظم نے اس حملے پر قطر سے معافی مانگی۔