ایوان کی منظوری کے بغیر زرعی ٹیکس کے نفاذ کیخلاف تحریک استحقاق پرمحکمے سے جواب طلب

سوال یہ ہے نوٹیفکیشن کے بعد ایوان سے منظوری کیوں نہیں لی ،اسپیکر پنجاب اسمبلی اس معاملے پر رولنگ دینگے‘ چیئرمین سمیع اللہ خان

منگل 30 ستمبر 2025 19:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء) حکمران جماعت کے رکن اسمبلی ذوالفقار علی شاہ کی جانب سے ایوان کی منظوری کے بغیر زرعی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف جمع کرائی گئی تحریک استحقاق پرچیئرمین کمیٹی سمیع اللہ خان نے محکمے سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا ہے اسپیکر پنجاب اسمبلی اس معاملے پر رولنگ دیں گے ۔رکن اسمبلی ذوالفقا ر علی شاہ کی تحریک کے متن میں کہا گیا کہ حکومت نے پنجاب زرعی انکم ٹیکس ترمیمی 2024 اسمبلی سے منظور کروایا، بل میں شق شامل ہے کے ٹیکس عائد کرنے سے پہلے بجٹ میں اسمبلی سے اجازت لینا لازم ہے، محکمہ ریونیو نے 5 مارچ 2025 کو زرعی ٹیکس میں ترمیم کی مگر بجٹ اجلاس 2025-26 میں ترمیم کی منظوری نہیں لی گئی، محکمہ ریونیو کا یہ اقدام واضح طور پر قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، محکمہ ریونیو کے اس عمل سے پورے ایوان کا استحقاق مجروع ہوا۔

(جاری ہے)

چیئرمین کمیٹی سمیع اللہ خان نے محکمے سے جواب طلب کر تے ہوئے جواب آنے اور اگلے اجلاس تک ذوالفقار علی شاہ کی تحریک استحقاق ملتوی کر دی ۔ذوالفقار علی شاہ نے تحریک استحقاق حالیہ اجلاس میں ایوان میں پیش کی تھی جسے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے تحریک استحقاق کمیٹی کے سپرد کیا تھا۔اجلاس میں محکمے کے افسران نے موقف اپنایا کہ نوٹیفکیشن جاری ہوا مگر ٹیکس 2026 سے عائد کرنا ہے، اگلے سال کے بجٹ میں ٹیکس منظور کروائیں گے، ایوان کا استحقاق مجروع کرنا مقصد نہیں تھا۔

سمیع اللہ خان نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی اس معاملے پر رولنگ دیں گے، سوال یہ ہے کے نوٹیفکیشن کے بعد ایوان سے منظوری کیوں نہیں لی اسپیکر کی رولنگ آنے تک اس معاملے کو ملتوی کرتے ہیں، رولنگ سے ادارے کو بھی وضاحت ہو گی اور ارکان اسمبلی کی بھی وضاحت ہو گی۔