ڑ*بدقسمتی سے کوئٹہ ایک بار پھر خون میں نہلا دیا گیا ہے ، مولانا عبدالواسع

منگل 30 ستمبر 2025 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2025ء) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر اور سینیٹر مولانا عبدلواسع نے کوئٹہ میں ہونے والے حالیہ المناک دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے کوئٹہ ایک بار پھر خون میں نہلا دیا گیا ہے اور معصوم شہریوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں۔ یہ حملہ نہ صرف انسانیت سوزی بلکہ وحشت و بربریت کی انتہا ہے، جس پر دل انتہائی رنجیدہ اور مغموم ہے۔

مولانا عبدلواسع نے کہا کہ بلوچستان کے حالات اس وقت سنگین ترین نہج پر پہنچ چکے ہیں مگر حکومت سب اچھا کی رٹ لگانے میں مصروف ہے۔ روزانہ المناک واقعات رونما ہورہے ہیں لیکن حکمران اقتدار کی رسہ کشی میں الجھے ہوئے ہیں۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ کی کوئی ضمانت باقی نہیں رہی اور امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک رخ اختیار کرچکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے فوری طور پر تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور حکومت منصوبہ سازوں و ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے تاکہ عوام میں تحفظ کا احساس پیدا ہو سکے۔ جمعیت علما اسلام دکھ اور غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی شہدا کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور غمزدہ خاندانوں کو صبر جمیل نصیب کرے۔

در اثنا، مولانا عبدلواسع نے مفتی محمود کانفرنس کے سلسلے میں بادینی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اکتوبر کو سرزمین قلعہ سیف اللہ ایک بار پھر لاکھوں کا مجمع اپنے دامن میں سمیٹے گی۔ یہ تاریخی اجتماع مفکر اسلام حضرت مفتی محمود کے نظریات کو عام کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع کو قلعہ سیف اللہ سے بڑھ کر اس کانفرنس کی کامیابی کے لیے دن رات محنت کرنی ہوگی تاکہ یہ اجتماع ملت اسلامیہ کے لیے فکری اور نظریاتی رہنمائی کا مرکز بن سکی