سرگودہا ، پیرا فورس کی فارمل کمانڈ کی سلامی پریڈ

بدھ 1 اکتوبر 2025 11:20

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) سرگودہا ڈویژن میں پیرا فورس کی فارمل کمانڈ سلامی پریڈ کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر پیرا فورس کے جوانوں نے ملی نغموں کی دھنوں پر مارچ پاسٹ کیا جبکہ پولیس بینڈ نے قومی ترانہ اور دیگر دھنیں بجا کر ماحول کو پرجوش بنا دیا۔

پیرا فورس وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر قائم کی گئی ہے جو سرگودہا میں انسداد تجاوزات، پرائس کنٹرول، انفورسمنٹ اور دیگر انتظامی امور میں کردار ادا کرنے کے لئے عملی طور پر فرائض سرانجام دے رہی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر جہانزیب اعوان نے جوانوں کو میرٹ پر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پروفیشنل ٹریننگ کے بعد اب آپ عملی میدان میں تعینات ہو چکے ہیں، لہٰذا یہ وقت ہے کہ آپ اپنے فرائض دیانتداری، ڈسپلن اور پروفیشنل انداز میں ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو پیرا فورس سے بڑی توقعات ہیں اور آپ کی کارکردگی سے انفورسمنٹ مزید بہتر ہو گی۔ کمشنر نےکہا کہ فورس کے نوجوان نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں اور ان کی صلاحیتیں ضلعی انتظامیہ کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا کہ پیرا فورس کے قیام سے انتظامیہ کی رٹ مزید مضبوط ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول اور حکومتی فیصلوں پر عملدرآمد میں اب زیادہ موثر نتائج سامنے آئیں گے۔ پریڈ کے اختتام پر پیرا فورس کے اہلکاروں نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ قانون کی حکمرانی کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ عوامی خدمت ان کا مشن ہے اور سرکاری احکامات پر عملدرآمد کے لئے کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داریاں دیانتداری اور ایمانداری سے ادا کی جائیں گی۔ اس موقع پر اے ڈی سی جی رانا محمد ابوبکر اور ایس ڈی ای او پیرا عبدالجبار بٹ بھی موجودتھے۔