بی جے پی حکومت نے اترپردیش میں اولمپیئن محمد شاہد کا آبائی گھر مسمار کردیا

بدھ 1 اکتوبر 2025 11:41

بنار س (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر وارانسی (پرانا نام بنارس) میں بی جے پی حکومت نے سڑک کو چوڑا کرنے کے نام پر ہاکی لیجنڈ اور پدم شری ایوارڈ یافتہ مرحوم محمد شاہد کے آبائی گھر کو مسمارکردیا جس کے خلاف ان کے اہل خانہ نے شدید احتجاج کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بلڈوز ر سے کچہری۔ سنداہاروڑ پر واقع شاہد کے آبائی گھر کا ایک حصہ منہدم کردیاگیا جہاں ان کے لواحقین اس وقت بھی رہتے تھے۔

ان کی بھابھی نازنین نے کہا کہ خاندان کو کوئی معاوضہ نہیں ملا اور نہ ہی ان کے پاس رہنے کے لیے کوئی متبادل جگہ ہے۔انہوں نے صحافیوں کو بتایاکہ ہمارے پاس رہنے کے لیے کوئی اور جگہ نہیں ہے۔شاہد کے کزن مشتاق نے بتایا کہ ان کا گھر اس وقت منہدم کیاگیا جب خاندان اکتوبر میں طے شدہ شادی کی تیاری کر رہا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دوسری جگہوں پر سڑک کی چوڑائی 21میٹر تک محدود ہے لیکن ان کے علاقے میں اسے 25 میٹر تک بڑھا دیا گیا جس سے وہ شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہم سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائیں گے۔اترپردیش میں کانگریس کے صدر اجے رائے نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے پدم شری محمد شاہد کے گھر کو گرا دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ صرف ایک گھر نہیں بلکہ ملک کی کھیلوں کی وراثت کی علامت تھی۔ عوام ایک معزز شخصیت کی اس توہین کو معاف نہیں کریں گے۔محمد شاہدجن کا انتقال 2016 میں ہوا، بھارت کے سب سے مشہور ہاکی کھلاڑیوں میں سے ایک تھے، جنہیں ان کے شاندار کھیل اور 1980 کے ماسکو اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والی ٹیم کے ایک اہم رکن کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔