اگلے ماہ ہونے والے سندھ پولیس گیمز شہدا سے منسوب،آئی جی سندھ

جمعرات 2 اکتوبر 2025 13:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)اگلے ماہ ہونے والے سندھ پولیس گیمز کو شہدا سے منسوب کیا جائے گا،پولیس میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے ،اس امر کا اظہا ر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ہمراہ سی ای او میڈی کیم گروپ سلمان خلیل نینی تال والا نے گزشتہ روز پولیس ہیڈ کوارٹرز گارڈن سائوتھ میںمیڈی کیم گروپ آف کمپنیز کے اشتراک سے پولیس باکسنگ اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی اور بعد از اں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ جرائم کی سرکوبی کیلئے کوشاں پولیس کے افسران اور اہلکاروں کو ذہنی اور جسمانی طور پر مستعد کرنے کیلئے کھیلوں جیسی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں ،14برس کے بعد 19نومبر سے کراچی میں شیڈول سندھ پولیس گیمز بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں ،انہوں نے سندھ پولیس اسپورٹس کمیٹی کے چیئر مین ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سابق انٹر نیشنل باکسر و محکمہ پولیس کے باکسنگ ہیڈ کوچ کا رل لینڈر کی بے لوث خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ،قبل ازیں آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے سندھ پولیس باکسنگ اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھا ،اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے چیئر مین ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ،ایس ایس پی محمد علی رضا،پولیس اسپورٹس بورڈ کے سیکریٹری ایس پی سعید آرائیں ،سی ای او میڈی کیم گروپ آف کمپنیزسلمان خلیل نینی تال والا ، ڈائریکٹر ایڈمن میڈی کیم گروپ ظفر ریاض باری،ایڈمن منیجر محمد عامر،سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت،مقبول آرائیں ،سابق انٹر نیشنل باکسرز و دیگر موجود تھے آخر میں آئی جی سندھ نے پولیس باکسنگ ٹیم کے ارکان اور آفئیشلز میں کٹ اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ای او میڈی کیم گروپ سلمان خلیل نینی تال والا نے کہا کہ میڈی کیم گروپ پولیس سے پہلے بھی تعاون کرتا رہا ہے اور اب بھی کرے گا۔اس موقع پر پولیس افسران اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔