پنجاب سی این ایف کی کارروائی ، 7000 کلوگرام بھنگ برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا

جمعرات 2 اکتوبر 2025 18:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ’’منشیات سے پاک پنجاب صحت مند اور محفوظ پنجاب‘‘کے تحت پنجاب کانٹر نارکوٹکس فورس نے منشیات مافیا کے خلاف اپنی کارروائیوں کو مزید تیز کر دیا ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پنجاب نارکوٹکس فورس کے مطابق تازہ ترین کارروائی میں یکم اکتوبر 2025 کو پنجاب سی این ایف کے نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن گوجرانوالہ ڈویژن نے سمبڑیال (سیالکوٹ)میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کیا، جس کے دوران 7000کلوگرام بھنگ، 2 عدد بغیر لائسنس پستول بمعہ گولیاں برآمد ہوئیں جبکہ 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق برآمد شدہ بھنگ کو پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں پہنچا کر حشیش تیار کی جانی تھی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔پنجاب سی این ایف کی گزشتہ دو ماہ کی کارروائیوں کے دوران اب تک ضبط شدہ منشیات کی مالیت 7کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد ہو چکی ہے۔پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کے حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ منشیات مافیا کے خلاف ہدفی آپریشنز بھرپور انداز میں جاری رہیں گے تاکہ اسمگلنگ نیٹ ورکس کو توڑا جا سکے اور وزیراعلی پنجاب کے وژن کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔