ٹام کروز کا انوکھا خواب، خلا میں شادی کی تیاریاں

جمعہ 3 اکتوبر 2025 12:49

ٹام کروز کا انوکھا خواب، خلا میں شادی کی تیاریاں
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)ہالی ووڈ کے مشہور اداکار ٹام کروز اپنی گرل فرینڈ آنا دے آرمس کے ساتھ ایک ایسی شادی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جو دنیا بھر میں تہلکہ مچا دے گی۔رپورٹس کے مطابق دونوں ستارے ایک ایسی یادگار تقریب کا اہتمام کرنا چاہتے ہیں جس پر برسوں تک بات کی جائے، اور اس غیر معمولی منصوبے میں خلا میں شادی کرنے کا امکان بھی شامل ہے۔

انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹام کروز کو اسپیس ٹریول کا جنون کی حد تک شوق ہے اور وہ دنیا کی پہلی جوڑی بننے کے خواہشمند ہیں جو زمین سے باہر جا کر شادی کے بندھن میں بندھے۔ اس کے علاوہ دونوں نے اسکائی ڈائیونگ کے دوران فضا میں وعدے اور عہد کرنے کا آئیڈیا بھی زیر غور رکھا ہوا ہے۔اداکار کے قریبی ذرائع کے مطابق ٹام اور آنا کے رشتے کی سب سے بڑی خاصیت ان کا ایڈونچر اور دلیرانہ انداز ہے۔

(جاری ہے)

اسی لیے وہ چاہتے ہیں کہ ان کی شادی بھی اسی جذبے کی عکاسی کرے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ابھی تک باضابطہ طور پر منگنی نہیں کر پائے ہیں، مگر کروز نے پہلے ہی بڑے خواب دیکھنا شروع کر دیے ہیں۔63 سالہ ٹام کروز اور 37 سالہ کیوبن نژاد اداکارہ آنا دے آرمس کی دوستی نے اس سال تیزی سے رومانس کا رخ اختیار کیا ہے۔ دونوں نہ صرف ذاتی زندگی بلکہ پروفیشنل میدان میں بھی ساتھ نظر آنے والے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ وہ جلد ایک فلم ڈیپر میں ساتھ کام کریں گے، جو ایک سپرنیچرل اوشن تھرلر ہے۔ٹام کروز اس سے پہلے تین شادیاں میمی راجرز، نکول کڈمین اور کیٹی ہومز سے کرچکے ہیں۔ مگر انہیں امید ہے کہ یہ نیا رشتہ ان کی زندگی کا سب سے پائیدار تعلق ثابت ہوگا۔ اداکار کے ایک قریبی دوست کے مطابق وہ چاہتے ہیں کہ ان کی شادی نہ صرف شاندار ہو بلکہ تاریخ میں انوکھی مثال کے طور پر درج ہو۔ذرائع کے مطابق، 'جو بھی ہو، دونوں چاہتے ہیں کہ ان کی شادی غیر معمولی ہو اور دنیا اس کی مثال دے۔' یہ منصوبہ اگر حقیقت کا روپ دھار لیتا ہے تو ٹام کروز اور آنا دے آرمس نہ صرف ہالی ووڈ بلکہ دنیا کی تاریخ میں ایک منفرد مقام حاصل کر لیں گے۔

متعلقہ عنوان :