جواء ایپ کی تشہیر کے کیس میں یوٹیوبرسعدالرحمان عرف ڈکی بھائی کی درخواست ضمانت خارج

جمعرات 2 اکتوبر 2025 17:10

جواء ایپ کی تشہیر کے کیس میں یوٹیوبرسعدالرحمان عرف ڈکی بھائی کی درخواست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء) سیشن عدالت لاہور نے جواء ایپ کی تشہیر کے کیس میں معروف یوٹیوبرسعدالرحمان عرف ڈکی بھائی کی درخواست ضمانت خارج کر دی ۔ایڈیشنل سیشن جج ڈاکٹرساجدہ چوہدری نے کیس کی سماعت کی ۔ دوران سماعت ڈکی بھائی کے وکیل نے عدالت میں موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مقدمے میں کوئی ایک بھی گواہ موجود نہیں ہے،نہ ہی ان کے موکل کوکسی قسم کا نوٹس جاری کیا گیا اور نہ ہی ان سے کوئی ایپ ریکور کی گئی ہے۔

وکیل نے مزید بتایا کہ انکوائری کا آغاز 30جون کو ہوا جبکہ ڈکی بھائی کو 13اگست کو گرفتار کیا گیا اور مقدمہ 17اگست کو درج کیا گیا۔ وکیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے پیکا 37لگائی اسکا مطلب یہ کہ کیا یہ غیر قانونی ایکٹویٹی ہے تو پہلے اسکو بلاک کیا جاتا ہے ایسا کچھ نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

وکیل نے کہا کہ اگر یہ ایپس غیرقانونی تھیں تو سب سے پہلے پی ٹی اے یا متعلقہ ادارے کو انہیں بلاک کرنا چاہیے تھا، 2020ء کر رول بھی انکو کہتے ہیں کہ اگر اس طرح غیر قانونی ایپس چل رہی ہیں تو انہیں بند کروائیں،جب تک مقدمہ درج ہوا، اس وقت تک پی ٹی اے نے ان ایپس کو نہ تو بین کیا تھا اور نہ ہی غیر قانونی قرار دیا تھا۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ ہم نے ملزم کو پکڑا تھا یہ ایپ کے برانڈ ایمبسڈار تھے ، انکے ساتھی بھی گرفتار ہوگئے ہیں ، سبحان شریف بھی انکے ساتھ پرموشن میں ملوث تھے انکو بھی گرفتار کر لیا، یہ کہہ رہے ہیں کہ اس کیس میں کوئی متاثرہ شخص نہیں، ایسے کیسا ہوسکتا ہے کہ لوگ آکر کہیں کہ ہم جوئے میں رقم ہار گئے ہیں، ان سے ریکوری بھی ہوئی جو جوئے کی ایپ سے کمائے ہوئے تھے، وہ رقم کے حوالے سے کچھ تسلی بخش جواب نہ دے سکے، اس ایپ کے حوالے سے ثبوت کے کاغذات موجود ہیں ، پی ٹی اے اور ایس ای سی پی نے انکو ریگولر نہیں کیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا یہ ایپس ابھی چل رہی ہیں ،بائی نومو کا کیا سٹیٹس ہے ۔تفتیشی افسر نے بتایا کہ بائی نومو ایپس کی ویب سائیڈ پاکستان میں بین ہے ۔ جوئے کی ایپس کی تشہیر کی گئی اور ڈکی بھائی کے بینکوں میں رقم منتقل ہوئی ، یہ تمام دستاویزات موجود ہیں ، بنک سٹیٹمنٹ ریکارڈ کا حصہ ہے ۔ سرکاری وکیل نے مزید کہا کہ ڈکی بھائی کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت بھی کاروائی کا آغاز ہوگیا ہے ، یہ نوجوان بچوں کو جوئے کی ایپس کی طرف منتقل کر رہے ہیں ، انکی ضمانت خارج کی جائے ۔

ایڈیشنل سیشن جج ساجدہ چوہدری نے وکلاء کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست ضمانت خارج کر دی ۔نیشنل سائبر انوسٹیگیشن ایجنسی نے جوا ایپ کی پروموشن کا مقدمہ درج کررکھاہے۔