ملک کی مجوزہ قومی صحت و آبادی پالیسی2035۔2026 میں ذہنی صحت کو بنیادی ستون کے طور پر شامل کیا جا رہا ہے، وزیرِ مملکت برائے قومی صحت

جمعہ 3 اکتوبر 2025 13:09

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) وزیرِ مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کو حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کا اہم جزو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی مجوزہ قومی صحت و آبادی پالیسی2035۔2026 میں ذہنی صحت کو ایک بنیادی ستون کے طور پر شامل کیا جا رہا ہے۔وزارت قومی صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ چھٹی عالمی وزارتی کانفرنس برائے ذہنی صحت میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کیا ۔

وزیرِ مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے مرکزی سیشن بعنوان "Building Resilient Health Systems" سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حصول کو قومی ترجیح سمجھتا ہے اور حکومت صحت عامہ کے شعبے میں اصلاحات کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نےاس امر کی نشاندہی کی کہ پاکستان کو اس وقت متعدد چیلنجز درپیش ہیں جن میں معاشی مشکلات، حالیہ سیلابوں کے بعد بحالی کا عمل اور طبی عملے کی کمی شامل ہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان منصفانہ طبی رسائی اور ایک مضبوط، پائیدار اور جامع نظامِ صحت کے قیام کے لئے پرعزم ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کے شعبے میں جاری اقدامات کو مؤثر اور دیرپا بنانے کے لئے بین الاقوامی تعاون اور سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے۔ کانفرنس میں پاکستان کی شرکت عالمی سطح پر ذہنی صحت اور مضبوط نظامِ صحت کے قیام کے عزم کی توثیق ہے۔کانفرنس میں عالمی رہنماؤں اور صحت سے متعلق بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں اور ماہرین بھی شریک ہوئے۔