دنیا کا کوئی قانون امدادی سامان کی ترسیل کو نہیں روکتا، اسرائیل کی اس جارحیت اور غنڈہ گردی کی مذمت کرتے ہیں،مرزا اختیار بیگ

جمعہ 3 اکتوبر 2025 13:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما مرزا اختیار بیگ نے کہا ہے کہ دنیا کا کوئی قانون امدادی سامان کی ترسیل کو نہیں روکتا، اسرائیل کی اس جارحیت اور غنڈہ گردی کی مذمت کرتے ہیں۔ ایم این اے ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہاکہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے لوگوں کی امداد لے جانے والے جہازوں کو روکنے ، سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت جہاز میں موجود لوگوں کو یرغمال بنانے کا عمل قابل مذمت ہے۔

ہر کوئی سیاسی یا فوجی مقاصد کے لئے جہاز میں نہیں جارہا تھا بلکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غزہ کے لوگوں کے لئے امداد لیکر جارہا تھا۔انہوں نے کہاکہ ہم اپیل کرتے ہیں تمام یرغمال بنائے جانے والے لوگوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ دفتر خارجہ اس معاملے کو اعلیٰ سطح پر دیکھ رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی مرکزی قیادت کی سطح پر زیادہ بڑا اختلاف نہیں اور سیاسی نوک جوک معمول کا حصہ ہے ۔

آزاد کشمیر احتجاج کے بارے سوال پر انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر احتجاج اور مطالبات حوالے سے حکومت سنجیدہ کوششیں کررہی ہے ، بعض مطالبات ایسے ہیں جن کے لئے آئین تبدیل کرنا پڑے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور اب بھی چاہتی ہے کہ اتحادی جماعت کے طور پر جو عزت و احترام سے وہ ملنا چاہتے ہیں توقع ہے کہ جلد حالات بہتر ہو جائیں گے ہماری قیادت ہمیشہ مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھتی ہے۔