سی سی ڈی پولیس اور اشتہاری مجرموںمیں مقابلہ

ایک اشتہاری مجرم ہلاک تین فرار ہو نے میں کامیاب

جمعہ 3 اکتوبر 2025 16:25

ْساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء) نواحی چک 80 پانچ آر کے قریب سی سی ڈی پولیس اور اشتہاری مجرموںمیں مقابلہ کے نتیجہ میں ایک اشتہاری مجرم محمد جاوید ہلاک اور تین فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سی سی ڈی پولیس انسپکٹر محمد اشرف سرکاری گاڑی نمبر 47 ایس ایل جی میںاپنی ٹیم کے ہمراہ صبح تین بجے اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کے لیے جا رہے تھے کہ نورشاہ کچا روڈ چک 80 پانچ آر موڑ کے قریب ایک تیز رفتار ہونڈا کار میں سوار چار اشتہاری سامنے آگئے جنہوں نے پولیس کو دیکھتے ہی پولیس پر فائرنگ شروع کر دی سی سی ڈی کی ٹیم نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد فریقین میں گولیوں کا تبادلہ آدھا گھنٹہ تک مقابلہ جاری رہا فائرنگ رک جانے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران فصل مکئی میں محمد جاوید ساکن اوکاڑہ شدید زخمی بے ہو شی کی حالت میں ہسپتال روانہ کیا گیا مگر وہ راستہ میں ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کے ساتھی تین ڈاکو کار چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

پولیس نے کار ہونڈا ،ناجائز پسٹل 400 روپے نقدی اور موبائل ہلاک ملزم کے قبضہ سے بر آمد کر لیا۔ محمد اشرف انسپکٹر کی مدعیت میں تھانہ سی سی ڈی ساہیوال نے مقدمہ 302 324, ,353, ,186 34 اور 13 دو اسلحہ آرڈ یننس کے تحت درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور فرار ہونے والے اشتہاری مجرموںکی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیم روانہ کر دی۔