سپورٹس کمپلیکس کی ممبرشپ کے امیدواروں کے انٹرویوز جلد شروع کئے جائیں گے،کمشنر فیصل آباد

جمعہ 3 اکتوبر 2025 21:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت ایف ڈی اے سٹی میں سپورٹس کمپلیکس کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپورٹس کمپلیکس کی ممبر شپ، فیس کے تعین اور دیگر امور پر تفصیلی غور و خوض اور فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کے لئے سپورٹس کمپلیکس کی ممبرشپ فیس4 لاکھ روپے جبکہ سرکاری افسروں کے لئے 2 لاکھ روپے مقرر کی جائے گی۔

کمشنر نے واضح کیا کہ گریڈ17 اور اس سے اوپر کے افسران ممبر شپ کے اہل ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سپورٹس کمپلیکس کی ممبرشپ کے امیدواروں کے انٹرویوز جلد شروع کئے جائیں گے۔راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ فیصل آباد میں صحت مندانہ سرگرمیوں اور سماجی میل جول کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس میں عالمی معیار کی ان ڈور گیمز کی جدید سہولیات موجود ہیں جبکہ شہریوں کی دلچسپی بڑھانے کے لئے سپورٹس کمپلیکس میں عالمی معیار کا سینما اور کیفے ٹیریا بھی تعمیر کیا جائے گا۔

کمشنر نے ایف ڈی اے کو ہدایت کی کہ سپورٹس کمپلیکس کی مزید وسعت کے لئے ماسٹر پلان تیار کیا جائے تاکہ اسے شہریوں کے لئے مزید پرکشش بنایا جا سکے۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کمشنر کو سپورٹس کمپلیکس کے تکمیلی مراحل، دستیاب سہولیات، نمایاں خصوصیات، مزید ترقی کے منصوبوں اور بعض درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔مزید برآں کمشنر فیصل آباد نے ایف ڈی اے سٹی میں زیر تعمیر ڈویژنل پبلک سکول کی بلڈنگ کی جلد تکمیل کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کے فرسٹ فلور کو تیز رفتاری سے مکمل کرکے کلاسز کا آغاز جلد کیا جائے تاکہ تعلیمی سہولتیں بروقت فراہم کی جا سکیں۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنرز کوآرڈینیشن و کنسالیڈیشن، پرنسپل ڈویژنل پبلک سکول اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔دریں اثنا کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے واسا ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور واسا کی مجموعی کارکردگی، سیوریج آپریشنز، واٹر سپلائی، ریونیو ریکوری اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔

ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے کمشنر کو بتایا کہ واسا شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ آئندہ مون سیزن سے قبل شہر بھر کی روڈ سائیڈ ڈرین لائنز کی ڈی سلٹنگ کا پلان تیار کر لیا گیا ہے تاکہ نکاسی آب کے مسائل کو کم سے کم کیا جا سکے۔کمشنر نے کہا کہ واسا فیصل آباد کو درپیش فنڈز اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ واسا کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے سیاستدانوں، میڈیا اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلا جائے گا۔ ریونیو ریکوری میں اضافے کے لئے کمرشل کنکشنز کی تعداد بڑھانے اور فیلڈ ٹیموں کو مزید متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ادارہ شہریوں کی خدمت کے لئے اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں سرانجام دیتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :