چیئرمین قائمہ کمیٹی اطلاعات کی پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 19:04

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات پھلین بلوچ نے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (پی آر اے پی) کے حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے نو منتخب عہدیداران صدر ایم بی سومرو، نائب صدر عثمان خان کاکڑ، سیکرٹری نوید اکبر، جوائنٹ سیکرٹری اورنگزیب کاکڑ، فنانس سیکرٹری شاکر عباسی اور سیکرٹری اطلاعات جاوید حسین اور گورننگ باڈی کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے تہنیتی پیغام میں پھلین بلوچ نے پی آر اے پی کے پر امن اور شفاف انتخابات کے انعقاد جمہوریت کی عکاسی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی صحافت کی مضبوطی جمہوری روایات کا مظہر ہے۔ پارلیمانی رپورٹرز پارلیمان اور عوام کے درمیان ایک مضبوط رابطے کا ذریعہ ہیں جو قانون سازی کے عمل اور عوامی مفادات سے متعلق معاملات کو درست تناظر میں اجاگر کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی آر اے پی کے نو منتخب عہدیداران صدر ایم بی سومرو، نائب صدر محمد عثمان خان کاکڑ، سیکرٹری نوید اکبر، جوائنٹ سیکرٹری اورنگزیب کاکڑ، فنانس سیکرٹری شاکر عباسی، سیکرٹری اطلاعات جاوید حسین اور گورننگ باڈی کے اراکین آسیہ انصر، احمد نواز خان، حافظ عبدالماجد، عمر حیات خان، جاوید نور، غلام رسول کنبھر اور روزینہ علی اپنے تجربے اور صلاحیتوں کی بدولت پارلیمانی صحافت کو مزید فعال اور مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

پھلین بلوچ نے کہا کہ اطلاعات و نشریات کی قائمہ کمیٹی ہمیشہ صحافیوں کے مسائل کے حل ان کے حقوق کے تحفظ اور صحافتی آزادی کے فروغ کے لیے کوشاں رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کمیٹی آئندہ بھی صحافی برادری کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھے گی تاکہ معلومات کی آزادانہ رسائی اور ذمہ دار صحافت کو فروغ دیا جا سکے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے پی آر اے پی کے نو منتخب عہدیداران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامیابیوں کے لیے دعا کی اور امید ظاہر کی کہ نئی باڈی پارلیمانی صحافت کے وقار میں مزید اضافہ کرے گی۔