بلوچستان میں کیسکو کے زرعی صارفین کو بجلی سے سولر انرجی پر منتقل کرنے کا منصوبہ مکمل

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 19:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء)بلوچستان میں کیسکو کے زرعی صارفین کو بجلی سے سولر انرجی پر منتقل کرنے کا منصوبہ مکمل ہوگیا ،بیس بیس لاکھ روپے وصول کرنے والے 25ہزار زمینداروں میں سے نصف سے زائد زمینداروں نے زرعی ٹرانسفارمرز، کھمبے اور اٴْن سے منسلک برقی آلات کیسکو کو واپس کرنے سے انکار کردیا کیسکونے انکاری زرعی صارفین کے خلاف قانونی کارروائی اور ایف آئی آرز کے اندراج کیلئے ضلعی انتظامیہ کوتحریری طورپر درخواستیں ارسال کردیں ۔

ترجمان کیسکو کے مطابق کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے صوبہ کے اٴْن تمام زرعی ٹیوب ویل کنکشنز کیسکونیٹ ورک سے منقطع کردئیے ہیں جنہیں حکومت کی جانب سے شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے میں شامل کئے تھے۔

(جاری ہے)

سولرائزیشن منصوبہ کے مطابق حکومت کی جانب سے فی کس زمینداروں کو20لاکھ روپے کی ادائیگی کے بعد زرعی صارفین اپنے ٹرانسفارمرز،کھمبے اور دیگر برقی آلات کیسکوکو واپس کرنے کے پابندہیں۔

ترجمان کیسکو کے مطابق کیسکو کی ٹیموں نے صوبہ میں اب تک مجموعی طورپر 25ہزار678زمین داروں کے زرعی کنکشنز منقطع کئے ،جن میں سے 12ہزار319زمینداروں نے زرعی ٹرانسفارمرز اتار کر واپس کردئیے جبکہ 13ہزار 359 زمینداروں نے ٹرانسفارمرزاور ان سے منسلک دیگر برقی آلات تاحال کیسکوکو واپس نہیں کئے۔ کیسکونے ٹرانسفارمرز واپس نہ کرنے والے زرعی صارفین کے خلاف قانونی کارروائی اور ایف آئی آرز کے اندراج کیلئے ضلعی انتظامیہ کوتحریری طورپر درخواست ارسال کردئیے ہیں ۔