سرسید یونیورسٹی کے زیر اہتمام نئے تعلیمی سال 2025۔2026کے آغاز پر تقریب کا انعقاد

اتوار 5 اکتوبر 2025 13:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ اسٹوڈنٹس افیئرز اور مرکز مشاورت و رہنمائی کے زیر اہتمام نئے تعلیمی سال 2025۔2026کے آغاز پر طلبہ وطالبات کیلئے ایک تعارفی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ جات میں داخل ہونے والے طلبہ نے اپنے والدین کے ساتھ بھرپور شرکت کی۔

اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق سرسید یونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان نے اس موقع پرکہا کہ مجھے سرسید یونیورسٹی میں آپ سب کا خیرمقدم کرتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے، جہاں آپ اپنی زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز کرنے والے ہیں جو علم اور تجربات سے بھرپور ہوگا۔انہوں نے کہاکہ یہاں آپ اپنے روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں گے،اب یہ آپ پر منحصرہے کہ اپنی محنت، لگن اور تعلیم و تربیت سے دیگر لوگوں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال بنیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کا مقصد طلبہ کو یونیورسٹی کے تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی ماحول سے روشناس کرانا تھا تاکہ وہ اپنے تعلیمی سفر کا آغاز اعتماد کے ساتھ کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ سرسید یونیورسٹی نہ صرف تکنیکی تعلیم کا ادارہ ہے بلکہ یہ نوجوانوں کو قائدانہ صلاحیتوں، تحقیق اور سماجی شعور سے آراستہ کرنے کا مرکز بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنے طلبہ کو ایک ایسا ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے نکھار سکیں جبکہ ہونہار طلبا ء کو ترقی یافتہ ممالک کے مستند اداروں سے منسلک کرنے کے لیے بھی سرسید یونیورسٹی ایک موثر رابطے کا کام سرانجام دے رہی ہے۔

اس موقع پروائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر افضل حق نے نئے بیچ کے طلباء کو سرسیدیونیورسٹی کی تعلیمی برادری کا حصہ بننے پر مبارکباد پیش کی۔ رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی، ستارہ امتیاز (ملٹری) نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی طلبہ کو محفوظ وجدید تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں رہے گی۔اس موقع پر تمام شعبہ جات کے سربراہان نے اپنے پروگرامز، کورسز، فیکلٹی اور تحقیقی سرگرمیوں کا تفصیلی تعارف پیش کیا،طلبہ کو لائبریری،لیبارٹریز، اسپورٹس کمپلیکس، کیفے ٹیریا اور دیگر شعبہ جات کا دورہ کرایا گیا اور انتظامی امور، امتحانی نظام اور یونیورسٹی قواعد و ضوابط سے آگاہ کیاگیا۔

متعلقہ عنوان :