چینی کمپنی کا لاہور میں دو اور تین پہیوں والی الیکٹرک گاڑیوں کا پلانٹ لگانے کا اعلان

اتوار 5 اکتوبر 2025 13:00

چینی کمپنی کا لاہور میں دو اور تین پہیوں والی الیکٹرک گاڑیوں کا پلانٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور ایک چینی کمپنی کے درمیان پاکستان میں الیکٹرک دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کا ’’کمپلیٹلی ناکڈ ڈان‘‘(CKD) پلانٹ لگانیکرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط ہو گئے۔ گوادر پرو کے مطابقگزشتہ ماہ چین میں پی بی آئی ٹی کے سی ای او عمران خاور اور تیانجن چنگچی وہیکل انڈسٹری کمپنی کے سی ای او ژانگ شیا دونگ کے درمیان ملاقات کے بعد، کمپنی کے اعلی حکام نے لاہور کا دورہ کیا اور پی بی آئی ٹی کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

معاہدے کے مطابق، تیانجن چنگچی کی جانب سے ابتدائی سرمایہ کاری 10 لاکھ ڈالر ہوگی، جسے بڑھا کر ایک کروڑ ڈالر تک لے جانے کا منصوبہ ہے، تاکہ الیکٹرک دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے سی کے ڈی پلانٹ کا قیام عمل میں لایا جا سکے۔

(جاری ہے)

’’ویڈی‘‘(Vidi) برانڈ کے تحت پیداوار آئندہ پانچ ماہ میں شروع ہونے کی توقع ہے اور سالانہ 1.5 لاکھ الیکٹرک بائیکس تیار کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

گوادر پرو کے مطابق بورڈ نے بتایاکہ پی بی آئی ٹی اس منصوبے کو آغاز سے لے کر عملی مراحل تک مکمل سہولیات فراہم کر رہا ہے، جن میں لائسنس کا حصول، منظوریوں کی فراہمی، اور مستقبل میں خصوصی اقتصادی زون (SEZ) میں توسیع کے لیے معاونت شامل ہے۔ ابتدائی طور پر آپریشنز لاہور میں ایک کرائے کی عمارت سے شروع کیے جائیں گے۔