وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز رواں ماہ دورہ راولپنڈی کے دوران جدید الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کریں گی، محمد حنیف عباسی

اتوار 5 اکتوبر 2025 20:00

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز رواں ماہ دورہ راولپنڈی  کے دوران  جدید الیکٹرک ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف رواں ماہ راولپنڈی کا دورہ کریں گی جہاں وہ شہریوں کے لیے جدید الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کریں گی۔ یہ منصوبہ شہر میں پائیدار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے شہریوں، خصوصاً خواتین، طلبہ اور ملازمین کو آرام دہ اور محفوظ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انجمن تاجران راولپنڈی کے زیر اہتمام منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری، رکن پنجاب اسمبلی ضیا اللہ شاہ، سابق میئر سردار نسیم، حاجی پرویز سمیت مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے عہدیداران، دکانداروں اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پاکستان نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ سینٹرل ایشیا میں بھی قیادت کی علامت بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اب باوقار اور متوازن سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سیاست میں جس مقام کی ضرورت تھی وہ اب حاصل ہو رہا ہے اور آج ہر ملک یہ چاہتا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان ان کے ہاں دورہ کریں، یہ اس بات کی علامت ہے کہ اب دنیا پاکستان کو ایک مضبوط، بااثر اور فیصلہ کن ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے معرکہ حق کے دوران دشمن کی 22 چوکیوں پر قبضہ کیا اور شاہینوں نے حدود وطن کے اندر رہ کر سات دشمن طیارے مار گرائے۔ یہ بات صرف ان کی زبانی نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی تسلیم کی گئی ہے۔ جب دشمن نے حملہ کیا اور میزائل نور خان ایئربیس کے قریب آیا تو پاک فضائیہ نے مناسب کارروائی کر کے دشمن کو اس کے علاقے میں گھس کر جواب دینے کی صلاحیت دکھائی جس کے نتیجے میں ملک کی عزت اور سلامتی برقرار رہی۔

انہوں نے کہا کہ ان کامیابیوں نے ان تمام لوگوں کا منہ بند کر دیا ہے جو پاکستان کو کمزور بتاتے تھے ۔ حنیف عباسی نے کہا کہ ڈیڑھ ارب آبادی والے ملک کے مقابلے میں دفاعی لحاظ سے طاقتور اداروں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کا جواب دے کر پاکستان نے ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اللہ کے فضل سے آج بھی ملک پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے راولپنڈی کے ترقیاتی منظر نامے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2003 میں شہر گندگی اور بنیادی سہولیات کے فقدان کا شکار تھا۔

اس کے برعکس آج ایئرڈ یونیورسٹی، فاطمہ جناح یونیورسٹی، کالجز، سکولز، ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ، میٹرو، کارڈیالوجی، یورولوجی اور دیگر منصوبے وجود میں آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترقی مریم نواز شریف، شہباز شریف اور میاں نواز شریف کے اقدامات کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ہم اس پاکستان کو تعمیر و ترقی کی طرف لے کر جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں سعودی عرب کا وفد پاکستان آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کی جانب متوجہ ہو رہی ہے اور یہ سرمایہ کاری ملک کے معاشی استحکام اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں مدد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف راولپنڈی میں الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کریں گے۔ وزیر اعلیٰ کے راولپنڈی آمد پر عوام ان کا فقید المثال استقبال کریں گے اور راولپنڈی کے عوام ماضی کی طرح اس بار بھی اپنی قیادت سے والہانہ محبت کا اظہار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے سیاسی سفر میں ہر مقام پر دکانداروں اور عوام نے ان کا ساتھ دیا اور آج بھی یہی عوام پاکستان کو ترقی اور سربلندی کی راہ پر لے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1993 سے لے کر 1995 تک پارٹی عہدوں سے لے کر رکن اسمبلی بننے، جیلوں اور عدالتوں کے مراحل تک ہر مقام پر ان کے ساتھ دکاندار اور عام لوگ کھڑے رہے۔ وہ تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے سمیت ملکی انفراسٹرکچر صوبوں کو آپس میں جوڑیں گے اور یہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں گے۔