ڈسکہ،محکمہ زراعت (توسیع) کے زیر اہتمام سموگ آگاہی سیمینار کا انعقاد،مڈھوں کو جلانے والوں کو 15 ہزار روپے فی ایکڑ جرمانہ ہو گا

اتوار 5 اکتوبر 2025 16:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ کی جانب سے فوڈ سکیورٹی اینڈ ایگریکلچر سنٹر آف ایکسیلینس کے تعاون سے بیلا پیلس ایمن آباد روڈ ڈسکہ میں سموگ آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ماہرین نے کہا کہ کسان دھان کی باقیات کو مٹی میں شامل کریں اور مڈھوں کو جلانے سے گریز کریں کیونکہ یہ عمل سموگ کا باعث بنتا ہے جس سے ماحول اور انسانی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

مڈھوں کو آگ لگانے والوں کو فی ایکڑ 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا یا ایف آئی آر درج ہو گی۔ اس سیمینار میں تحصیل ڈسکہ کے 400 سے زائد کاشتکاروں نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈائریکٹر زراعت (توسیع) گوجرانوالہ ڈویژن ڈاکٹر شکیل احمد نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کسانوں کو وزیراعلیٰ پنجاب کے کسان دوست اقدامات اور سموگ کی روک تھام سے متعلق محکمانہ پالیسیوں کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) سیالکوٹ سجاد حیدر نے کسانوں کو پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کیے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی ہدایات کی روشنی میں کاشتکاروں کو مڈھ نہ جلانے کی تلقین کی اور محکمہ زراعت ڈسکہ کی کوششوں کو سراہا۔ ہیڈ آف پارٹنرشپ اینڈ کولیبوریشن محمد احمد نے زمینداروں کو اس آرگنائزیشن کے کردار اور سموگ کے ماحولیات و انسانی صحت پر منفی اثرات کے بارے میں آگاہ کیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر انجینئرنگ سیالکوٹ محمد طیب اور آڈاپٹیو ریسرچ فارم گوجرانوالہ ڈاکٹر عامر سجادنے کسانوں پر زور دیا کہ وہ دھان کی باقیات کو مٹی میں شامل کریں اور مڈھوں کو جلانے سے گریز کریں۔ڈائریکٹر زراعت پلانٹ پروٹیکشن سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے زرعی زہروں کے محتاط استعمال اور چاول کی ایکسپورٹ میں معیار کی بہتری سے متعلق رہنمائی فراہم کی۔تقریب کے اختتام پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ڈسکہ کامران بھٹی نے واضح کیا کہ مڈھوں کو آگ لگانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں فی ایکڑ 15 ہزار روپے جرمانہ یا ایف آئی آر درج ہو گی۔