سعودی عرب نے کسی بھی ویزہ پر آنے والوں کو عمرہ کرنے کی اجازت دیدی

نسک عمرہ پورٹل کو اپڈیٹ کردیا گیا تاکہ زائرین باآسانی عمرہ پرمٹ کے علاوہ دیگر سہولیات حاصل کرسکیں؛ وزرتِ حج و عمرہ

Sajid Ali ساجد علی پیر 6 اکتوبر 2025 12:57

سعودی عرب نے کسی بھی ویزہ پر آنے والوں کو عمرہ کرنے کی اجازت دیدی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اکتوبر2025ء ) سعودی عرب کی طرف سے کسی بھی ویزہ پر مملکت آنے والوں کو عمرہ کرنے کی اجازت دیدی گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ حج وعمرہ نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں کسی بھی ویزے پر آنے والوں کو عمرہ ادا کرنے اجازت ہے، مملکت کے وژن 2030ء اہداف میں زائرین کو ہرممکن سہولت فراہم کرنا سرفہرست ہے، جس کے تحت کسی بھی ملک سے وزٹ، فیملی وزٹ، الیکٹرانک سیاحتی ویزے یا ٹرانزٹ ویزے پر آنے والے کسی بھی وقت عمرہ ادا کرسکتے ہیں۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ دنیا بھر سے آنے والے مسلمانوں کو اسلامی ارکان ادا کرنے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا مملکت کا اہم ترین مقصد ہے، اس سلسلے میں وزارت کی طرف سے حال ہی میں نسک عمرہ پورٹل کو اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے جس کا مقصد عمرہ زائرین کو براہ راست ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ڈیجیٹل چینل کو استعمال کرتے ہوئے باآسانی عمرہ پرمٹ کے علاوہ دیگر سہولیات حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے نسک ایپ میں ایک نیا فیچر متعارف کروایا ہے جو انٹرنیٹ ڈیٹا استعمال کیے بغیر ایپ تک مکمل رسائی ممکن بناتا ہے، سعودی ٹیلی کام آپریٹرز ایس ٹی سی، موبلی اور زین کے تعاون سے شروع کردہ اس اقدام کا مقصد عازمین کے سفر کو آسان بنانا اور حج و عمرہ کے دوران ان کے ڈیجیٹل تجربے کو بہتر کرنا ہے، نیا فیچر ہجوم کا بہتر انتظام کرنے، ضروری معلومات اور خدمات تک فوری رسائی، گمشدہ افراد کی تعداد میں کمی اور داخلے پر اجازت ناموں کی تصدیق کو تیز کرے گا۔

وزارت کے ترجمان غسان النویمی نے بتایا کہ یہ اقدام ایک فعال ڈیٹا پلان یا انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت کے بغیر مقامی سم کارڈز کے مالکان کے لیے نسک ایپ اور اس کی تمام سروسز کا استعمال کرنا ممکن بناتا ہے، حجاج کرام اجازت نامے، حرمین ہائی سپیڈ ٹرین کے لیے ٹکٹوں کی بکنگ، نقشوں کے مطابق سفر، مصنوعی ذہانت کی خصوصیت اور رپورٹس اور سوالات کے لیے خدمات استعمال کر سکتے ہیں۔