بنگلہ دیشی لیگ سپنر رشاد حسین بی بی ایل کے آئندہ سیزن میں ہوبارٹ ہریکینز کی نمائندگی کریں گے

پیر 6 اکتوبر 2025 16:44

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) بنگلہ دیش کے نوجوان لیگ سپنر رشاد حسین رواں سال آسٹریلیا کے بگ بیش لیگ (بی بی ایل )کے آئندہ سیزن میں ہوبارٹ ہریکینز کی نمائندگی کریں گے، اور اس موقع پر وہ سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ سے سیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 23 سالہ رشاد حسین کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی جانب سے پورے سیزن کے لیے این او سی جاری کر دیا گیا ہے ، جس کے بعد وہ 14 دسمبر سے شروع ہونے والے مکمل بی بی ایل سیزن میں ہوبارٹ ہریکینز کو دستیاب ہوں گے ۔

پیر کو میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے رشاد حسین نے کہا کہ رکی پونٹنگ میرے بچپن کے پسندیدہ کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔ میں ان کو کھیلتے ہوئے دیکھا کرتا تھا۔ اب ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے، جو میرے لیے ایک خواب کی تعبیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہامجھے کھلاڑیوں سے زیادہ رکی پونٹنگ کے ساتھ کام کرنے اور ان کی کوچنگ میں کھیلنے کا شدت سے انتظار ہے۔

غیر ملکی لیگز میں شرکت سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔رشاد حسین نے کہا کہ انہوں نے غیر ملکی لیگز میں کھیلنے کا فیصلہ اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کے مقصد کے لئے کیا ہے ۔میں خود سے پوچھ رہا تھا کہ میں اپنے کھیل کو بہتر بنانے کے لیے کیا کر سکتا ہوں۔ پھر سوچا کہ اگر میں یہ لیگز کھیلوں تو یہ میرے لیے فائدہ مند ہوگا۔ مختلف وینیوز اور میدانوں میں کھیلنے سے تجربہ بڑھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہابطور لیگ سپنر ان لیگز میں کھیلنا میری بولنگ اور مہارت کو نکھارے گا۔ وہاں بہت سے اعلیٰ درجے کے کھلاڑی کھیلتے ہیں، جن کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا موقع ملتا ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ میں وہاں سے نیا تجربہ حاصل کر سکوں گا۔رشاد حسین نے پاور پلے کے بعد وکٹیں لینے کو اپنی بنیادی ذمہ داری قرار دیا ہے ۔بطور لیگ سپنر پاور پلے کے بعد وکٹیں لینا میری اصل ذمہ داری ہے۔

میں امید کرتا ہوں کہ ہوبارٹ ہوریکینز کے لیے یہ کردار بخوبی نبھا سکوں گا۔واضح رہے کہ رشاد حسین کو گزشتہ سیزن میں بھی ہوبارٹ ہوریکینز نے منتخب کیا تھا، لیکن وہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل ) کی مصروفیات کے باعث شرکت نہ کر سکے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کی غیر موجودگی کے باوجود ہوبارٹ ہوریکینز نے پہلی بار بی بی ایل کا ٹائٹل جیتا تھا۔