پہلے ویمنز ٹی ٹونٹی بلائنڈ ورلڈکپ کیلئے قومی ویمنز ٹیم کا اعلان

بدھ 8 اکتوبر 2025 22:20

پہلے ویمنز ٹی ٹونٹی بلائنڈ ورلڈکپ کیلئے قومی ویمنز ٹیم کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے ویمنز ٹی ٹونٹی بلائنڈ ورلڈکپ کے لیے قومی ویمنز ٹیم کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ویمنز بلائنڈ کرکٹ ٹیم پہلے ویمنز ٹی ٹونٹی بلائنڈ ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔ویمنز ٹی ٹونٹی بلائنڈ ورلڈ کپ 10سے 23نومبر تک بھارت اور سری لنکا میں ہوگا جبکہ ایونٹ میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، نیپال، سری لنکا اور امریکہ سمیت 6ممالک شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان ویمنز بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی قیادت تجربہ کار کھلاڑی بسمہ حسین کریں گی جبکہ 16رکنی اسکواڈ میں رمشہ شبیر، شمایلہ کرن، قندیل فاطمہ، ایمن فیسل، ارمین طارق، نور فاطمہ اور بشری اشرف شامل ہیں۔سمیرا ملک، نمرہ رفیق نسرت بتول، مریم جہانگیر، نِشا، مہرین علی، حوریہ ملک اور رابعہ جاوید ہاشمی بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ویمنز ٹی ٹونٹی بلائنڈ ورلڈکپ میں ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں طاہر محمود بٹ نبھائیں گے، سید ابرار حسین شاہ کوچ، رباب زہرہ ٹرینر، شنزا سلطان فزیو، اور رانا وسیم میڈیا منیجر مقرر کیے گئے ہیں۔پاکستان بلائنڈ ویمنز ٹیم ورلڈکپ میں شرکت کے لئے 13 اکتوبر کو لاہور سے کولمبو کے لیے روانہ ہوگی۔