وزیرکھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کی انڈر 16 والی بال ایشین چمپئن ٹیم کے اعزازمیں تقریب

بدھ 8 اکتوبر 2025 22:20

وزیرکھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کی انڈر 16 والی بال ایشین چمپئن ٹیم کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھرنے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں انڈر 16 والی بال ایشین چمپئن ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا۔بدھ کے روز ہونیوالی تقریب میں صوبائی وزیر کھیل نے پنجاب کے ہر کھلاڑی کو پانچ لاکھ روپے دینے اورسپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کی پلاٹینم کیٹیگری میں شامل کرنے کا بھی اعلان کیا ۔

صوبائی وزیرکھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے تمام کھلاڑیوں کو سوینئر پیش کئے۔تقریب میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفر خان سیال ،ایڈیشنل سیکرٹری میاں عثمان علی،ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم،چیف سپورٹس کنسلٹنٹ محمد حفیظ بھٹی، والی بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کفایت اللہ، کوچ محب اللہ، کپتان محمد عرفان، فراز احمد، اظہر محمود، طلحہ مہر اور اسد اللہ نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈر 16 والی بال ایشین چیمپئن شپ جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ایک سال کیلئے ماہانہ 70 ہزار روپے دیے جائیں گے، کھلاڑیوں کو نقد انعام دینے کا مقصد حوصلہ افزائی ہے تاکہ وہ اور زیادہ محنت اور لگن سے کھیلیں اور مزید کامیابیاں حاصل کرکے ملک کا نام روشن کریں، قومی ٹیم کا اگلے سال قطر میں ہونیوالی ایف آئی وی بی والی بال بوائز انڈر17ورلڈ چمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کرنا خوش آئند ہے، قومی انڈر 16 والی بال ٹیم نے ایشین چمپئن شپ کے سیمی فائنل میں روایتی حریف بھارت اور فائنل میں ایران کو ہرانا بڑا کارنامہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کھلاڑیوں کی مکمل معاونت جاری رکھے گا،انڈوومنٹ فنڈ پنجاب حکومت کا کھلاڑیوں کیلئے بہت بڑا اقدام ہے،جس سے کھلاڑیوں کو ماہانہ وظائف دیئے جارہے ہیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ والی بال کی ترقی کیلئے پنجاب میں 55 کروڑ کی لاگت سے پہلا والی بال کمپلیکس بنایا جائے گا، جس سے والی بال کا کھیل ترقی کرے گا، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب صوبہ میں سپورٹس کا بہترین انفراسٹرکچرتعمیرکر رہا ہے، دیہی و تحصیل سطح پر ملٹی پرپز اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جا رہے ہیں۔