چوہدری سالک حسین پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر، سرور رانا سیکرٹری جنرل منتخب

بدھ 8 اکتوبر 2025 23:30

چوہدری سالک حسین پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر، سرور رانا سیکرٹری جنرل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) پاکستان کبڈی فیڈریشن (پی کے ایف) کے انتخابات میں چوہدری سالک حسین بلا مقابلہ صدر اور محمد سرور رانا سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے ۔ یہ اعلان پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے الیکشن کمیشن کی جانب سے بدھ کوجاری نوٹیفکیشن میں کیا گیا۔ انتخابات پاکستان سپورٹس بورڈ کے 2022 کے آئین، 2005 کی نظرِثانی شدہ قومی سپورٹس پالیسی اور 2024 کے سپورٹس الیکشن ریگولیشنز کے مطابق منعقد کیے گئے۔

امیدواروں کی حتمی فہرست 2 اکتوبر کو جاری کی گئی تھی جس کے بعد تمام نامزد امیدوار بلا مقابلہ ایگزیکٹو کمیٹی کے لئے منتخب قرار پائے۔سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق کرنل نبیل احمد رانا، لیفٹیننٹ کمانڈر کلیم اللہ اور رائے محمد اصغر نائب صدور منتخب ہوئے ہیں جبکہ محمد سہیل احمد خان کو فنانس سیکرٹری/خزانچی کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اختر عباس خواجہ ایسوسی ایٹ سیکرٹری اور رانا امجد اقبال جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔

ایگزیکٹو اراکین میں سلطان سید شاہ، حمیرا لطیف، فائزہ بتول، فریحہ شبیر اور صبا ناز شامل ہیں۔نوٹیفکیشن پر الیکشن کمشنر وسیم مجید ملک اور اراکین بابر سہیل و زوہیب حسن گوندل کے دستخط موجود ہیں۔ کمیشن نے تصدیق کی ہے کہ انتخابات شفاف انداز میں اور پی ایس بی کے قواعد و فیڈریشن کے آئین کے مطابق منعقد کئے گئے۔