محکمہ داخلہ نے رضاکارانہ خدمات کی فراہمی کیلئے اہم سنگ میل عبور کر لیا ، سیکرٹری داخلہ

منگل 7 اکتوبر 2025 14:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) محکمہ داخلہ نے رضاکارانہ خدمات کی فراہمی کیلئے اہم سنگ میل عبور کر لیا اور1 لاکھ سے زائد افراد نے سول ڈیفنس میں بطور رضاکار رجسٹریشن کروا لی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق مردوں کے شانہ بشانہ خواتین بھی بطور رضاکار رجسٹریشن کروا رہی ہیں اور اب تک58,008 مردوں اور 43,217 خواتین نے بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے اور مختلف تعلیمی قابلیت کے حامل افراد سول ڈیفنس رضاکار بن رہے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے اس موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ سول ڈیفنس رضاکار ہر مشکل گھڑی اور ہنگامی حالات میں ہم وطنوں کے کام آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہے جنگی حالات ہوں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن یا سموگ کا مقابلہ، سول ڈیفنس رضاکار ہر دم تیار ہیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ 1 لاکھ رضاکاروں میں گوجرانوالہ پہلے، فیصل آباد دوسرے اور جہلم تیسرے نمبر پر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سول ڈیفنس رضاکار سموگ کے خلاف آگاہی مہم اور فیلڈ آپریشنز میں مدد کریں گے۔ وطن سے محبت اور ہم وطنوں کی خدمت کا جذبہ لیے نوجوان سول ڈیفنس رضاکار بن رہے ہیں اور محکمہ داخلہ کے آن لائن پورٹل پر صوبہ بھر سے رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے۔ آپ بھی اس کارِ خیر کا حصہ بنیں اور آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کریں۔ بطور رضاکار خدمات سرانجام دینے والوں کو خصوصی تعریفی اسناد بھی دی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :