ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس

منگل 7 اکتوبر 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (ڈی سی سی) کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں لیفٹیننٹ کرنل رضوان طیب سمیت تمام محکموں کے سربراہان اور افسران نے شرکت کی جبکہ بعض افسران کی اجلاس میں غیر حاضری پر ڈپٹی کمشنر نے برہمی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں ضلع نصیرآباد میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، قومی شاہراہ پر مزید موثر حفاظتی اقدامات، ڈیرہ مراد جمالی سٹی سمیت ضلع بھر میں موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں اضافے کی روک تھام، قائم کردہ سٹیزن کمیٹیوں اور فوکل پرسنز کے ذریعے مقامی پولیس کے ساتھ عوامی اعتماد اور تعاون کو فروغ دینے کے اقدامات، تدریسی درسگاہوں اور طبی مراکز کے مسائل و ان کے حل، انسداد اسمگلنگ و انسداد تجاوزات آپریشن، مدارس کی رجسٹریشن، تخمینہ لاگت کے ساتھ ترقیاتی اسکیموں کی نشاندہی سمیت متعدد اہم امور زیر غور آئے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ عوامی مفاد پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا، تمام ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام گورنمنٹ کنٹریکٹرز اپنے منصوبوں پر پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز تعینات کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور قانون کی بالادستی یقینی بنانے کے لیے مزید موثر اقدامات کیے جائیں جبکہ موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں حکومت بلوچستان سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے، لہٰذا تمام محکموں کے افسران اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور دیانتداری سے انجام دیں تاکہ حکومتی ثمرات حقیقی معنوں میں عوام کی دہلیز تک پہنچ سکیں۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی اداروں اور طبی مراکز کے سرپرائز وزٹ جاری ہیں، اگر کسی بھی افسر کو غفلت یا لاپروائی کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام دفاترز میں متعلقہ افیسران سی سی ٹی وی کیمرے نصب کروائیں گے۔