جامعہ کراچی اور قومی کمیشن برائے انسانی ترقی کے مابین ناخواندہ افراد کو بنیادی تعلیم فراہم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

منگل 7 اکتوبر 2025 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) جامعہ کراچی اور قومی کمیشن برائے انسانی ترقی (این سی ایچ ڈی )کےمابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منگل کو وائس چانسلر سیکرٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقدہ ہوئی۔جاری اعلامیہ کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور ڈائریکٹر آپریشنز این سی ایچ ڈی حمزہ لاشاری نے دستخط کئے،جس کا مقصد معاشرے کے ناخواندہ افراد کو بنیادی تعلیم فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر قومی کمیشن برائے انسانی ترقی کے ڈائریکٹر آپریشنز، حمزہ خان لاشاری نے بتایا کہ کمیشن وفاقی وزارتِ تعلیم کے تحت کام کر رہا ہے اور خواندگی، غیر رسمی بنیادی تعلیم، غربت کے خاتمے، بنیادی صحت کی سہولیات اور رضاکارانہ خدمات سمیت دیگر شعبہ جات میں انسانی ترقی کے لئےکوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمیشن سال 2002 سے رسمی و غیر رسمی تعلیم کے فروغ کے لیے سرگرمِ عمل ہے، اور اب تک ملک بھر میں تقریباً 36 ہزار تعلیمی مراکز قائم کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ میں مختلف جامعات کے ساتھ 18 مفاہمتی یادداشتیں طے پا چکی ہیں اور جامعہ کراچی اس مہم کا حصہ بننے والی شہر کی چوتھی جامعہ ہے۔حمزہ لاشاری نے معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جامعہ کراچی کے طلبہ و اساتذہ تین ماہ کے لیے رضاکارانہ طور پر کسی ناخواندہ فرد کو تعلیم دینے کی ذمہ داری سنبھالیں گے، تاکہ وہ فرد سادہ جملے پڑھنے، لکھنے اور سمجھنے کے قابل ہو سکے اور معلومات دوسروں تک پہنچا سکے۔

اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود اس قومی مہم کا حصہ بننا چاہتے ہیں اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ جامعہ کے کئی اساتذہ اور طلبہ اس اہم اقدام میں شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی مختلف انداز میں اس کام میں مصروف تھے، مگر اس معاہدے پر دستخط کے بعد یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری بن چکی ہے، اور ہم این سی ایچ ڈی کے خطوط پر بنیادی تعلیم فراہم کریں گے۔

انہوں نے اسے ایک قابلِ تحسین اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس سے معاشرہ اور کمیونٹیز بھرپور فائدہ اٹھائیں گی۔تقریب میں این سی ایچ ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ظہیر عباس، آصف شاہ، فیضان، افشن ناز، علیشبا، فیلڈ آفیسرز سائرہ بانو، محمد ابراہیم، کریم خواجہ، رجسٹرارجامعہ کراچی ،روئسائے کلیہ جات ،انچارج سیمسٹرسیل ،انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز ،قائم مقام ناظم امتحانات،ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن ،ڈائریکٹر وڈپٹی ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل جامعہ کراچی ودیگربھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :