انڈر20فٹ بال ورلڈکپ،سپین اور میکسیکوکی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

بدھ 8 اکتوبر 2025 09:00

سانتیاگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) سپین اور میکسیکو کی ٹیمیں فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام چلی میں جاری 24 ویں انڈر 20ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئیں جبکہ یوکرین اور میزبان چلی کی ٹیمیں پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق انڈر 20فٹ بال ورلڈ کپ کے چلی میں سجے عالمی میلے میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

میگا فٹ بال ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مرحلے کی طرف گامزن ہے ۔میگا ایونٹ کے ٹاپ 16 رائونڈ کے ابتدائی میچ میں سپن اور یوکرین کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں یہ میچ الیاس فیگیرو برانڈر سٹیڈیم، والپریزو میں کھیلا گیا جس میں سپین کی ٹیم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد یوکرین کی ٹیم کو 0-1 گول سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

(جاری ہے)

سپین کی طرف سے واحد گول پابلو گارسیا فرنانڈیز نے میچ کے 24 ویں منٹ میں سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

الیاس فیگیرو برانڈر سٹیڈیم، والپریزو کے مقام پر ہی کھیلے گئے ٹاپ 16 رائونڈ کے دوسرے میچ میں میزبان چلی اور میکسیکو کی ٹیمیں پنجہ آزما تھیں جس میں میکسیکو کی ٹیم نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان چلی کی ٹیم کو نہ صرف ایک کے مقابلے میں 4 گول سے ہرا دیا بلکہ میگا ایونٹ سے بھی باہر کر دیا۔ہوگو کیمبروس نے 2 جبکہ ایڈرین جمینیز اور ایکرجیرتھ فمبرس نے ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی کوارٹر فائنل رائونڈ میں جگہ پکی کرائی ۔

چلی کی جانب سے واحد گول جان فرانسسکو روسل نے 88ویں منٹ پر سکور کیا۔میگا ایونٹ کے چاروں کوارٹر فائنلز11 اور 12ا کتوبر کو کھیلے جائیں گے ، اس کے بعد میگا ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز15 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ تیسری پوزیشن کے لئے میچ 18 جبکہ فائنل میچ 19 اکتوبر کو جولیو مارٹینیز پرادانوس نیشنل سٹیڈیم، سانتیاگومیں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :