بھارت نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے ہرا کر دومیچوں کی سیریز کلین سویپ کرلی

منگل 14 اکتوبر 2025 11:46

بھارت نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے ہرا کر دومیچوں کی ..
دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) لوکیش راہول کی ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت بھارت نے دہلی میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 0-2 سے کلین سویپ کرلی۔بھارت نے میچ کے پانچویں اور آخری روز درکار 58 رنز بناکر میچ 7وکٹوں سے جیت لیا۔ کلدیپ یادیو کو عمدہ بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ رویندر جدیجا کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

منگل کو ارون جیٹلی سٹیڈیم، دہلی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روزمیزبان بھارتی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 58 رنز درکار تھے جبکہ ویسٹ انڈیز کو نو وکٹیں درکار تھیں۔ چوتھے روز کے اختتام پر ویسٹ انڈیز ٹیم کی جانب سے ملنے والے 121 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 63 رنز بنالئے تھے۔

(جاری ہے)

یشسوی جیسوال 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے، پانچویں اور آخری روز بھارتی ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 63 رنز ایک کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو لوکیش راہول 25 اور سائی سدھرزن 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے ۔ سائی سدھرزن اپنے گزشتہ روز کے انفرادی سکور میں 9 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 39 رنز بناکر روسٹن چیس کی گیند پر شائی ہوپ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

کپتان شبمن گل تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 13 رنز بنانے کے بعد روسٹن چیس کی گیند پر جسٹن گریوز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔لوکیش راہول 58 اور دھرو جریل 6 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔یوں بھارت نے ویسٹ انڈیز ٹیم کو نہ صرف میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے دی بلکہ دو میچوں کی سیریز بھی 0-2 سے کلین سویپ کرلی۔ کپتان رسٹن چیس نے دو جبکہ جومل واریکن نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ کلدیپ یادیو کو عمدہ بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ رویندر جڈیجا کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔