بھارت: کرکٹ میچ کے دوران بولر اپنی ٹیم کو میچ جتوانے کے بعد پِچ پر ہی چل بسا

اوور کی آخری گیند کرانے کے فوراً بعد احمر خان اچانک پچ پر گر گئےاور انتقال کرگئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 14 اکتوبر 2025 11:31

بھارت: کرکٹ میچ کے دوران بولر اپنی ٹیم کو میچ جتوانے کے بعد پِچ پر ہی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 اکتوبر 2025ء ) بھارت میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک مقامی کرکٹر اپنی ٹیم کو میچ جتوانے کے بعد مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔ 
بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے ضلع مراد آباد میں کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایک سینئر بولر میچ جتوانے کے فوراً بعد میدان میں ہی گر کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

 
یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا، جہاں اتر پردیش ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام مراد آباد اور سنبھل کی ٹیموں کے درمیان میچ جاری تھا۔ مراد آباد کے خلاف سنبھل کی ٹیم کو میچ جیتنے کیلئے آخری 4 گیندوں پر 14 رنز درکار تھے۔ 
اس موقع پر مراد آباد کے سینیئر لیفٹ آرم فاسٹ بولر احمر خان نے شاندار آخری اوور کیا اور اپنی ٹیم کو 11 رنز سے جیت دلا دی۔

(جاری ہے)

تاہم اوور کی آخری گیند کرانے کے فوراً بعد احمر خان اچانک پچ پر گر گئے۔ 
عینی شاہدین کے مطابق احمر خان کی سانس پھولنے لگی، وہ پچ پر بیٹھ گئے اور اچانک بے ہوش ہو کر گر گئے۔ 
موقع پر موجود ڈاکٹر نے سی پی آر شروع کیا اور پھر احمر کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق احمر خان مرادآباد کے کرکٹ حلقے میں ایک معروف نام تھے۔ وہ کئی برسوں سے ویٹرنز کرکٹ میں اپنی خدمات انجام دے رہے تھے اور عمدہ اسپورٹس مین اسپِرٹ کی وجہ سے بے حد مقبول تھے۔