محکمہ صحت کی جانب سے ویکسینیشن آگاہی مہم کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس ضلع کونسل ہال تربت میں منعقد ہوا

بدھ 8 اکتوبر 2025 19:11

تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اکتوبر2025ء) محکمہ صحت کی جانب سے ویکسینیشن آگاہی مہم کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس ضلع کونسل ہال تربت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کی اجلاس میں ڈاکٹر ارسلان (نمائندہ WHO و DSO تربت)، ڈاکٹر عزیز بلوچ (DDHO)، ڈاکٹر فاروق بلوچ (نمائندہ WHO)، ڈاکٹر عبدالروف بلوچ (DHO) سمیت مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس کے نمائندگان، آل پارٹیز کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران نے ضلع میں جاری ویکسینیشن پروگرام کی پیش رفت، درپیش چیلنجز اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے شرکائسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی نے ہمیشہ صحت، تعلیم اور ماحولیات کو اپنی بنیادی ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی نے عوامی مفاد سے متعلق تین اہم امور تمام بچوں کی ویکسینیشن، بچوں کا اسکولوں میں داخلہ یقینی بنانا، اور اپنے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانا کو باقاعدہ پارٹی پروگرام کا حصہ بنایا ہے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مزید کہا کہ پارٹی اپنے کونسلرز اور کارکنان کو ہدایت کرچکی ہے کہ وہ ان تینوں نکات پر بھرپور عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ گپارٹی عوامی فلاح کے ہر اقدام میں نہ صرف اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی بلکہ ہر ممکن تعاون بھی فراہم کرے گی۔