ریاست بلیک میل نہیں ہوگی ،غزہ کے نام پر سڑکوں پر نکلنے والوں کے مقاصد مذہبی نہیں ،ذاتی اور سیاسی ہیں ، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری

جمعہ 10 اکتوبر 2025 20:20

ریاست بلیک میل نہیں ہوگی ،غزہ کے نام پر سڑکوں پر نکلنے والوں کے مقاصد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ریاست کسی جتھے، گروہ یا انتہاپسند کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوگی، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ملک میں جتھہ بازی، انتشار اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے لیکن قانون شکنی، تصادم اور سرکاری املاک پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے، ماضی گواہ ہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے جتھوں کی صورت میں قومی املاک پر حملے کیے اور شہری زندگی کو مفلوج کیا، مگر اب ریاست ان عناصر کے سامنے نہیں جھکے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے داخلی راستوں پر سکیورٹی سخت کر دی ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے رکاوٹیں لگائی گئی ہیں جبکہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے، کچھ شرپسند عناصر کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے خلاف ٹھوس شواہد اور ویڈیوز موجود ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ مظاہرین کے پاس ڈنڈے، کیمیکل، کیل اور فورسز کے ماسک جیسا سامان پایا گیا جو تصادم کے عزائم کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کے کیمرے توڑے گئے، پولیس اہلکاروں کو زخمی کیا گیا اور مسجد کے تقدس کا بھی خیال نہیں رکھا گیا ، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت حالات کو مانیٹر کر رہی ہے تاکہ عام شہریوں کو نقصان نہ پہنچے، لیکن جہاں قانون شکنی ہوگی وہاں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت نے طاقت کے کم سے کم استعمال کی پالیسی اپنائی ہے تاہم ریاست کی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ غزہ امن معاہدے کے بعد فلسطینی عوام نے سجدہ شکر ادا کیا، پاکستان نے ہر عالمی فورم پر ان کی آواز بن کر کردار ادا کیا، لہٰذا اب غزہ کے نام پر سڑکوں پر نکلنے والوں کے مقاصد مذہبی نہیں بلکہ ذاتی اور سیاسی ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ مذہب یا انتہاپسندی کے نام پر تشدد اور ذاتی ایجنڈے کی سیاست ناقابل قبول ہے،ان کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ٹی ایل پی کے مظاہروں سے پولیس اہلکار شہید ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا، اب وہ تمام مقدمات اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے۔ طلال چوہدری نے دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ ریاست کمزور نہیں ۔