Live Updates

شہریوں کو مہنگائی سے ریلیف اور منصفانہ نرخوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد

بدھ 8 اکتوبر 2025 21:20

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ پرائس ری ویو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے تعین، مہنگائی کے کنٹرول اور شہریوں کو مناسب نرخوں پر اشیاء کی فراہمی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، پولیس، ایگریکلچر، فوڈ، انڈسٹریز، لائیو اسٹاک، آل ٹریڈ،پریس کلب، ایوانِ تجارت، پولٹری ایسوسی ایشن، قصاب ایسوسی ایشن، نانبائی ایسوسی ایشن اور دیگر محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دالوں، چاول، پکوڑوں اور گوشت کے نرخوں پر مفصل بحث اور فورم کے مشورے سے نئے نرخ مقرر کیے گئے تا کہ شہریوں کو منصفانہ اور مناسب قیمتوں پر اشیائے خوردونوش دستیاب ہوں۔

(جاری ہے)

ریٹ لسٹوں کو ورکنگ کے بعد جلد شہریوں کے لیے آویزاں کر دیا جائے گا۔چپل کباب، بیکری اور کھانے پینے کی دیگر اشیاء کی فروخت کے دوران ترازو کا استعمال یقینی بنایا جائے ، دودھ کی ٹیسٹنگ کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں اسسٹنٹ کمشنرز، آل ٹریڈ، فوڈ و لائیو اسٹاک افسران شامل ہوں تاکہ ملاوٹ سے پاک دودھ کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

روٹی، دودھ اور دہی کی قیمتوں کے تعین کے لیے مزید ورکنگ کی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نےہدایت دی کہ تنوروں پر روٹی کے نرخوں اور وزن پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔مرغی فروشوں کو ہدایت کہ زندہ مرغی کا وزن اور ذبح کا عمل شہریوں کے سامنے کیا جائے۔ ریٹ لسٹ کے اجراء کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریٹ لسٹ پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کو مہنگائی سے ریلیف اور منصفانہ نرخوں کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ انتظامیہ اور تاجروں کے باہمی تعاون سے عوامی ریلیف کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ گرانفروشی یا ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ سے فوری رابطہ کریں۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :