عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لانا انقلابی اقدامات کا خاصا ہے، گورنربلوچستان

بدھ 8 اکتوبر 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ معاشرے کے عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لانا انقلابی اقدامات کا خاصا ہے، اس سلسلے میں گڈ گورننس کے اصولوں سے ہم آہنگ پالیسیاں بنا کر ہم عوام اور حکومت کے درمیان خلیج کو پر کرسکتے ہیں، یہ نقطہ نظر فیصلہ سازی، جوابدہی اور لوگوں کے درمیان خدمات تک رسائی میں شفافیت کو فروغ دیتا ہے، عوام کا اعتماد بڑھانے کیلئے ضروری ہے کہ عوام کی توقعات پر پورا اترے اور اداروں کی کارکردگی نظر آئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس کوئٹہ میں مختلف اضلاع کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آج کے دور میں ترقیاتی عمل میں منصوبہ بندی اور ماہرین کی رائے کو کلیدی اہمیت حاصل ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ کسی بھی پالیسی یا پروجیکٹ کے آغاز سے قبل عام آدمی کی ضروریات کا نہ صرف عملی طور پر جائزہ لیا جائے بلکہ منصوبہ کی تیاری میں عوامی ضرورت اور جدید تقاضوں کو اپنی ترجیحات میں بھی شامل کیا جائے۔

(جاری ہے)

گورنر مندوخیل نے کہا کہ عوام کے مفاد کو تمام پالیسیوں اور منصوبوں کا محور و مرکز بنا کر ہی درست نتائج حاصل کئےجا سکتے ہیں، اصولوں کی پاسداری کرنے کے ساتھ ساتھ تمام ذمہ دار حکام کارکردگی نظر آنی لازمی ہے، اب بھی وقت ہے کہ مل جل کر اور ایک دوسرے کی مشاورت اور تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اتفاق رائے سے آئندہ کیلئے موثر اور نتیجہ خیز حکمت عملی وضع کریں، ایسے اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے جو عام آدمی کو فائدہ پہنچاتے ہوں، روزگار کے مواقعوں اور اقتصادی ترقی کو ترجیح دیتے ہوں۔

متعلقہ عنوان :