Live Updates

آج عمران خان نے نوجوانوں کو عملی سیاست میں لانے کا وعدہ پورا کر دکھایا

سہیل آفریدی نے زمانہ طالب علمی میں آئی ایس ایف سے سیاسی زندگی کا آغاز کیا، پی ٹی آئی حقیقی معنوں میں نوجوانوں کی جماعت ہے۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 8 اکتوبر 2025 19:36

آج عمران خان نے نوجوانوں کو عملی سیاست میں لانے کا وعدہ پورا کر دکھایا
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 08 اکتوبر2025ء ) مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی نے زمانہ طالب علمی میں آئی ایس ایف سے سیاسی زندگی کا آغاز کیا۔ انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کی ہدایت کے مطابق سہیل آفریدی کو بطور وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا نامزد کیے جانے پر دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

سہیل آفریدی نے زمانۂ طالبِ علمی میں انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن سے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کیا۔ آج عمران خان نے نوجوانوں کو عملی سیاست میں مقام دلانے کا اپنا وعدہ ایک بار پھر پورا کر دکھایا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف حقیقی معنوں میں نوجوانوں کی جماعت ہے۔ ان شاءاللہ خیبر پختونخوا کی عوام، پاکستان تحریکِ انصاف کی قیادت اور کارکنان اپنے نظریاتی نوجوان وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

(جاری ہے)

مزید برآں ایکس کے مطابق اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کا بنیادی مقصد 1973ء کے آئین کو اُس کی اصل روح کے مطابق بحال کروانا ہے۔ ملک میں قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی ہوگی تو ہی یہ ملک چل سکے گا۔ 26ویں آئینی ترمیم عدلیہ پر ایک بہت بڑا سیاہ داغ ہے۔ اس ترمیم کے ذریعے عدلیہ کے اختیارات کو سلب کیا گیا ہے اور ایگزیکٹو کا کردار بڑھا دیا گیا ہے۔

میں سپریم کورٹ عدلیہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے آیا ہوں۔ میں جج صاحبان سے پوچھنا چاہتا ہوں کیا آپ کو معلوم ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کو منظور کروانے کے لیے کیا طریقۂ کار اختیار کیا گیا۔ پارلیمنٹرینز کو بھاری رشوتوں کی لالچ دے کر، جو پارلیمنٹرینز ڈٹ کر کھڑے رہے ان کی خواتین اور بچوں کو اغوا کیا گیا اور جو ان حربوں کے باوجود کھڑے رہے ان کے خلاف ناجائز کیسز بنائے گئے۔

ہر جائز و ناجائز طریقہ اختیار کر کے اس ترمیم کو منظور کروایا گیا تاکہ ایک ناجائز حکومت کو دوام دیا جا سکے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کر کے ہم قوم کو اس ناجائز حکومت سے نجات دلائیں گے۔ عمران خان کی سیاسی بصیرت ہے اور محمود خان اچکزئی صاحب نے ہمارے ساتھ بہت قربانیاں دی ہیں۔ اس وقت عمران خان اور پاکستان تحریکِ انصاف مشکل میں ہیں تو اچکزئی صاحب جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

ان کا تجربہ ہے، ان کی ایک تاریخ ہے۔ عمران خان نے ان تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں قائدِ حزبِ اختلاف کی ذمہ داری دی ہے۔ ہم عدالت سے اور کچھ نہیں چاہتے، ہم صرف انصاف چاہتے ہیں۔ اسی لیے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ عدالتوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے 12 اکتوبر کو تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کی میٹنگ بلائی ہے، جس میں سندھ، بلوچستان سمیت ملک بھر کی سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

اس اجلاس میں ہم پورے ملک کے لیے ایک پروگرام دیں گے، جس کا واحد ایجنڈا یہ ہوگا کہ ملک میں آئین کی بالادستی قائم ہو سکے۔ جس طرح یہ بین الاقوامی عناصر سرگرم ہیں، معدنیات اور کان کنی کے حوالے سے باتیں ہو رہی ہیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اور عوام مایوس ہو چکے ہیں کہ ان کے لیے کوئی آواز اٹھانے والا نہیں۔ ہم ان شاء اللہ سب کو اس حکومت سے نجات دلائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات